Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

سیاسی و سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کا قیمتوں پر کنٹرول، ذخیرہ اندوزی کے خاتمے اور کنزیومر کورٹ کے ذریعے صارفین کو فوری انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ

کانفرنس سے اسدللہ بھٹو، ڈاکٹر جاوید عزیزمسعودی، شکیل بیگ، طارق شاداب و سید شہزاد مظہر و دیگر کا خطاب

0

معاشی ابتری و مہنگائی حکومت کی نااہلی و کرپشن کانتیجہ ہے، حکومت نمائشی اقدامات کی بجائے رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرے

کراچی: نیشنل کنزیومرموؤمنٹ کے تحت مہنگائی کے خاتمے و رمضان میں قیمتوں کو کنٹرول کرکے عوام کو ریلیف دینے کے لیے مقامی ہال میں صارفین کے حقوق کے تحفظ اورمہنگائی کے خلاف صارفین کی نمائندہ کانفرنس میں شریک سیاسی و سماجی رہنماؤں، ماہرینِ معیشت، وکلا برادری و صارفین کے نمائندوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بالخصوص رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اور عملی اقدامات کرے۔

سینیئرسیاسی رہنما وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو کی زیرصدرت کانفرنس میں شریک مقررین کا کہنا تھا کہ روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش، جن میں آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں اور پھل شامل ہیں، کی قیمتیں عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ تنخواہ دار طبقہ، مزدور اور کم آمدنی والے افراد شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ اس صورتحال میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قیمتوں پر مؤثر کنٹرول یقینی بنائے اور مارکیٹوں کی سخت نگرانی کرے۔

اسداللہ بھٹو نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ معاشی ابتری اورمہنگائی کاطوفان نااہلی اورکرپشن کانتیجہ ہے۔ حکومت نمائشی اقدامات کی بجائے رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرے۔آٹا چینی گندم مافیا حکومت کا حصہ ہوتے ہیں جو ایک دوسرے کے مفادات کے محافظ ہوتے ہیں جب تک یہ نظام تبدیل نہیں ہوگا مسائل حل ہونا مشکل ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران بعض عناصر ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کے ذریعے مصنوعی قلت پیدا کرتے ہیں، جس سے قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اسی طرح کنزیومر کورٹ کو فعال بنایا جائے۔

این سی ایم کے صدر شہزاد مظہر نے کانفرنس میں قرارداد و سفارشات بھی منظور کرائیں جس میں اشیائے صرف کی قیمتوں و معیار کو برقرار رکھنے کے لیے نفاذی ڈھانچے، کمشنرز، سندھ فوڈ اتھارٹی و بیورو سپلائی پرائس کی مدد کے لیے یوسی کے منتخب نمائندوں کو بروئے کار لانے کا مطالبہ کیا، کنزیومرکورٹس کو ضلعی سطح پرفعال کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈیسک قائم کرنے، رمضان کی آمد سے قبل یوسی کی سطح پرمارکیٹ ویجیلنس کمیٹیاں قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

کانفرنس سے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر جاوید عزیز مسعودی، نیشنل کنزیومر موؤمنٹ کے صدر سید شہزاد مظہر، شکیل بیگ، طارق شاداب، شمیم ناز، عثمان شریف، مجاہدچنا، پروفیسر سہیل زمان، حاجی شریف، عبدالصمد، قطب صدیقی، اقبال یوسف، سعید جدون، رانا عرفان، محسن وہرہ، قمر خان و ارشد قریشی نے بھی خطاب کیا۔

Comments
Loading...