Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

علماء کرام معاشرے کی اصلاح اور اتحاد و یگانگت کیلئے ایم کیو ایم کے شانہ بشانہ جدوجہد کریں۔ ایم پی اے عبد الوسیم

ایم کیو ایم پاکستان رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر شہرِ قائد کے مظلوم طبقات کی آواز بن چکی ہے، “آواز اٹھاؤ کراچی بچاؤ” مہم وقت کی پکار ہے۔ عبدالحسیب

0

مذہبی امور کمیٹی علماء و مشائخ کو منظم کر کے شہر کے درپیش مسائل کے حل کیلئے مربوط حکمت عملی اپنا رہی ہے۔ انچارج مذہبی امور کمیٹی حافظ محمد ناصر یامین

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مذہبی امور کمیٹی کے زیرِ اہتمام “آواز اٹھاؤ کراچی بچاؤ” مہم کے سلسلے میں ایک پروقار “علماء و مشائخ کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا، جس میں کراچی بھر سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتبِ فکر اور مختلف رنگ و نسل کے جید علماء کرام اور مشائخ عظام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس میں کراچی کے موجودہ سیاسی و سماجی حالات، مذہبی ہم آہنگی اور شہر کے بنیادی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اس موقع پر مرکزی رہنما و ممبر نگراں مرکزی کمیٹی عبدالحسیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی اور اس کے چھینے گئے حقوق کی بحالی کیلئے علماء و مشائخ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ایم کیو ایم پاکستان رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر شہرِ قائد کے مظلوم طبقات کی آواز بن چکی ہے اور “آواز اٹھاؤ کراچی بچاؤ” مہم درحقیقت اس شہر کے استحکام کی پکار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم ہر فورم پر کراچی کے عوام کے معاشی و سماجی حقوق کے تحفظ کیلئے برسرِ پیکار ہے۔

مرکزی رہنما و رکنِ سندھ اسمبلی عبد الوسیم نے اپنے خطاب میں علماء کرام پر زور دیا کہ وہ معاشرے کی اصلاح اور عوام میں اتحاد و یگانگت کے فروغ کیلئے ایم کیو ایم کے شانہ بشانہ جدوجہد کریں تاکہ ایک پرامن اور خوشحال کراچی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

انچارج مذہبی امور کمیٹی حافظ محمد ناصر یامین نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی امور کمیٹی تمام مسالک کے علماء و مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر منظم کر رہی ہے تاکہ شہر کو درپیش سنگین مسائل کے حل کیلئے ایک مربوط اور مضبوط حکمت عملی اپنائی جا سکے۔

کانفرنس میں نگراں کمیٹی کے اراکین اشرف علی، زاہد منصوری، ایم پی اے مظاہر امیر اور دیگر تنظیمی ذمہ داران نے بھی شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی سالمیت اور ترقی کی اس تحریک میں علماء کرام کا بھرپور تعاون تحریک کیلئے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔

Comments
Loading...