ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ محمد علی ملکانی
عوامی پیسے کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات اٹھائیں گے۔ محمد علی ملکانی
کراچی: سندھ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کرے گی اور عوامی منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقوم کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، کیونکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے باعث اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لائیوسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے منگل کے روز اپنے دفتر میں اسٹیبلشمنٹ آف رولرز گروتھ سینٹر، چوھڑ جمالی ضلع سجاول کے منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سجاول زاہد حسین رند، پروجیکٹ ڈائریکٹر، روڈز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے منصوبے میں شامل تمام افسران سے علیحدہ علیحدہ بریفنگ لی اور منصوبے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے جن محکموں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں تھی، ان کے متعلق متعلقہ صوبائی وزراء کو خطوط لکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی پیسے کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افسر کام نہیں کرنا چاہتا وہ گھر بیٹھ جائے، کیونکہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوتے وہ تعطل کا شکار ہو جاتے ہیں اور ان کے اخراجات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جو صوبے کی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہی رقوم سے دیگر ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جا سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ محنت، دیانت داری اور لگن کے ساتھ منصوبوں پر کام کریں۔