پاکستان بنانے سے بچانے تک اورنگی ٹاؤن کا اہم کردار ہے، نظریہ پاکستان کو اسی بستی میں بسایا گیا۔ چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ
متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین و وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا جرمن گراؤنڈ اورنگی ٹاؤن میں دانش اسکول کے قیام کا افتتاحی تقریب سے خطاب، شرکاء کی جانب سے شاندار استقبال
اربوں کا منصوبہ تقدیر بدل دے گا، جلد یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔ سید امین الحق
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اورنگی ٹاؤن تعلیم یافتہ لوگوں کی غریب ترین بستی ہے جس کا حق ادا کرنے کے لیے پہلا بڑا قدم اٹھا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاؤن کے تاریخی جرمن گراؤنڈ میں وفاقی حکومت کے میگا تعلیمی منصوبے دانش اسکول کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس سرزمین پر اس عظیم تعلیمی منصوبے کی بنیاد رکھی جا رہی ہے وہ بذاتِ خود ایک دانش کدہ ہے، انہوں نے اورنگی ٹاؤن کے مکینوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بستی کو دوہری ہجرت کا اعزاز حاصل ہے، ہم نے اگرچہ مشرقی پاکستان کو کھو دیا لیکن نظریہ پاکستان کو بچا کر اسے اورنگی ٹاؤن کے گلی کوچوں میں آباد کیا، پاکستان کی تخلیق سے لے کر اس کی بقاء تک اورنگی ٹاؤن کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
چیئرمین متحدہ نے مزید کہا کہ آج کے دور میں علم سے دانش کشید کرنا پاکستان کی بقاء کے لئے ناگزیر ہو چکا ہے، کراچی ایک تعلیم دوست شہر ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ شہر کی ہر دیوار اور ہر کونے کو علم کی روشنی سے معمور کیا جائے، انہوں نے اعلان کیا کہ دانش اسکول کا یہ منصوبہ محض شروعات ہے جلد ہی وزیراعظم پاکستان خود یہاں تشریف لا کر اس کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھیں گے جو وفاقی حکومت کی کراچی سے دلچسپی کا ثبوت ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنما سید امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے منشور تعلیم سب کے لیے پر سختی سے کاربند ہے، انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے بننے والا یہ اسکول نہ صرف اورنگی بلکہ پورے کراچی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا مستقبل میں اسی منصوبے کو یونیورسٹی کی سطح تک لے جایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ پانی ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے مسائل پر بھی مؤثر تدارک کے لیے دن رات کوشاں ہیں، حق پرست رکنِ سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن اورنگی ٹاؤن کے عوام سے انتخابات کے دوران کیئے گئے وعدوں کی عملی تعبیر کا دن ہے، پسماندہ علاقوں میں عالمی معیار کے تعلیمی اداروں کا قیام ہی وہ راستہ ہے جس سے ہم محرومیوں کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اورنگی ٹاؤن کے عوام کی بڑی تعداد نے اس منصوبے کو علاقے کی ترقی کے لئے ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے ایم کیو ایم قیادت کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر اراکینِ مرکزی کمیٹی، حق پرست ارکانِ اسمبلی و دیگر شعبہ جات کے اراکین سمیت ٹاؤن اور یوسیز کہ ذمہ داران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔