کسی بھی حکومت کو چلانے کے لیے آمدنی ایک اہم جزو ہوتی ہے۔ میئر کراچی
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیۂ عظمیٰ کراچی میں مالی وسائل میں ہونے والی بہتری کے حقائق عوام کے سامنے رکھ دیے۔
کراچی : میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیۂ عظمیٰ کراچی میں مالی وسائل میں ہونے والی بہتری کے حقائق عوام کے سامنے رکھ دیے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کسی بھی حکومت کو چلانے کے لیے آمدنی ایک اہم جزو ہوتی ہے۔ آج میں بلدیۂ عظمیٰ کراچی کے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے جا رہا ہوں۔ جب ہم نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو بلدیۂ عظمیٰ کراچی کی کل آمدنی 1.1 ارب روپے تھی۔ آج مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کے تحت چلنے والی بلدیۂ عظمیٰ کراچی نے 6.5 ارب روپے کی آمدنی جمع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ ہم شہر کے مسائل بہتر انداز میں حل کر سکیں گے اور عوام کی مزید خدمت کر سکیں گے۔ ایک اور بات کہنا چاہتا ہوں۔ اکثر کہا جاتا ہے کہ بلدیۂ عظمیٰ کراچی میں کام کرنے کی صلاحیت نہیں، مگر جب وسائل بہتر ہوئے تو ہم نے اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کر دیا۔
انکا کہنا تھا کہ ہم نے عظیم پورہ پل صرف 90 دن میں تعمیر کر کے دکھایا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بلدیۂ عظمیٰ کراچی کی ٹیم بہترین انداز میں ڈیلیور کر سکتی ہے۔ ان شاء اللہ، بجٹ کی منظوری کے بعد ہم اپنے مالی وسائل کو مزید مضبوط بنائیں گے اور شہر کی شاہراہوں، گلیوں اور پارکس میں مزید بہتری لائیں گے۔