مخالفین دن میں چار نعرے لگا کر سو جاتے ہیں، جبکہ ہم ہر وقت عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میران محمد شاہ روڈ اور جھیل پارک روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔
کراچی : میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ضلع ایسٹ میں جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں کا دورہ۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میران محمد شاہ روڈ اور جھیل پارک روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ میئر کراچی نے دھوراجی پمپنگ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
محکمہ انجینئرنگ کے افسران نے میئر کراچی کو جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہری بہتری دیکھنا چاہتے ہیں، اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ تمام جاری منصوبے جلد از جلد مکمل کرکے شہریوں کا اعتماد مزید مضبوط کریں۔ ہم انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں، بہت جلد شہریوں کو مزید خوشخبریاں دیں گے۔ مخالفین دن میں چار نعرے لگا کر سو جاتے ہیں، جبکہ ہم ہر وقت عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں ایک ہی کارکن کو چار چار نوکریاں دے کر کراچی کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کا حق مارنے والے آج کس منہ سے تنقید کر رہے ہیں؟ بہت جلد مزید نئی میگا اسکیموں پر بھی کام شروع کریں گے۔ اس شہر کی ترقی ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوار میں ہوئی ہے۔