ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا، ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
موجودہ دور میں ملکی دفاع صرف سرحدوں کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ مضبوط معیشت، معیاری تعلیم، قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنا بھی قومی سلامتی کا اہم حصہ ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
آج کے دن ہم پاک افواج کے شہداء، غازیوں، سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کی قربانیوں کی بدولت وطن عزیز محفوظ ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ یادگار دن ہے جو ہمیں پاک سرزمین کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں، قومی اتحاد اور بے مثال جذبۂ حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ہمارے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ثابت کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج کے دن ہم پاک افواج کے شہداء، غازیوں، سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کی قربانیوں کی بدولت وطن عزیز محفوظ ہے۔ شہداء کے خاندانوں کی عزت و تکریم اور ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں ملکی دفاع صرف سرحدوں کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ مضبوط معیشت، معیاری تعلیم، قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنا بھی قومی سلامتی کا اہم حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا اور اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے، ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے اور وطن عزیز کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھے۔آمین