پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس کی جانب سے بھتہ مافیا کے سرگرم گروہ کے خلاف جمشید ٹاؤن میں مشترکہ آپریشن
تفصیلات کے مطابق مورخہ 2 اکتوبر 2026 کو میمن مال شاپنگ پلازہ ملیر پر صمد کاٹھیاواڑی گروپ کے نامعلوم کارندوں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی گارڈ علی رضا ہلاک جبکہ ایک گارڈ زخمی ہو گیا تھا۔
وقوعہ کی ایف آئی آر تھانہ ملیر سٹی میں درج ہے۔ مورخہ 28 اکتوبر 2026 کو مذکورہ گروپ نے جمانی بلڈرز کی زیر تعمیر عمارت نشتر روڈ گارڈن پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک مزدور موقع پر ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے جسکی ایف آئی آر تھانہ سولجر بازار میں درج ہے۔ مذکورہ واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جس نے موقعہ ملاحضہ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ زرائع سے ملوث ملزمان کی شناخت کی۔
بعد ازاں ملزمان کی باغ جناح کے قریب جمشید ٹاؤن میں موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران ملزمان نے مشترکہ ٹیم پر فائرنگ شروع کردی اور جوابی فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزمان حسن عرف مرغی والا اور محمد حسین عرف مونی نے انکشاف کیا کہ مورخہ 2 اکتوبر 2026 کو انہوں نے ہلاک ملزم زوہان عرف سانول کے ہمراہ صمدکاٹھیاواڑی کےکہنے پر میمن مال ملیر پر بھتہ نہ دینے کی وجہ سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے ۔ ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ 15 ستمبر 2026 کو صمدکاٹھیاواڑی نےفائرنگ کی کارروائیوں کے لئے ملزمان کو حسین آباد کے ایریا میں اپنے نامعلوم ساتھی کے ذریعے 1عدد 9 ایم ایم پسٹل بمعہ 50 راؤند فراہم کیا۔
ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں واقع زیر تعمیر عمارتوں اور دیگر کاروباری افراد کی معلومات صمدکاٹھیاواڑی کو فراہم کی تھیں جن سے بھتہ طلب کیا جانا تھا۔ بھتہ نہ دینے کی صورت میں ملزمان خوف وہراس پھیلانے کے لئے مختلف عمارتوں اور دیگر جگہوں پر فائرنگ کرنیکی پلاننگ کر رہے تھے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
عوام سے اپیل ہے کہ بھتہ خوری کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔