Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ سمن آباد کے قیام کا ایک سال مکمل، پروقار تقریب کا انعقاد

ایک سال کے دوران 40 ہزار سے زائد مریضوں نے طبی سہولیات سے استفادہ کیا، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو شاندار خدمات پر یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

0

کراچی: چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی جانب سے پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ سمن آباد کے قیام کا ایک سال مکمل ہونے پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج تھے۔ تقریب میں ایک سال کے دوران یونٹ کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ سمن آباد نے اپنے قیام کے پہلے ہی سال میں 40 ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کیں، جہاں شہریوں نے 50 روپے کی معمولی فیس کی مد میں علاج معالجے، طبی مشاورت،الٹرا ساؤنڈ، ای سی جی، شوگر ٹیسٹ اور دیگر بنیادی صحت کی سہولیات سے استفادہ کیا۔ یونٹ کی یہ کارکردگی علاقے کے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

تقریب کے دوران ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ایک سالہ خدمات، محنت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو سراہتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کامران سراج نے طبی عملے کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے۔ عوام کو معیاری اور قابل رسائی طبی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔حالانکہ یہ حکومت کا کام ہے مگر جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے یہ خدمات انجام دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی محنت اور خدمات قابل تحسین ہیں۔

چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ سمن آباد کا ایک سال مکمل ہونا خوش آئند ہے۔ محدود وسائل کے باوجود عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ایک سال میں 40 ہزار سے زائد مریضوں کا مستفید ہونا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ علاقے میں اس نوعیت کے صحت مراکز کی کتنی ضرورت ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو صحت سمیت بنیادی بلدیاتی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔

تقریب میں وائس چیئرمین گلبرگ ٹاؤن محمد الیاس، سابقہ ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، یو سی 2 کے چیئرمین فیصل شیخ، ڈاکٹر شمیم، ڈاکٹر شہناز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Comments
Loading...