Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت

ہنگائی کا ایک نیا طوفان شروع ہونے سے اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں

0

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے نگراں حکومت کے قیام کے پہلے ہی ہفتے میں ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب ساڑھے سترہ اور بیس روپے اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بہادرآباد مرکز سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں اور رواں ماہ یعنی اگست کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر پیٹرول کی قیمت میں 37 روپے 45 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں لگ بھگ 40 روپے کا اضافے نے غریب عوام کی منہ سے نوالا چھین لیا ہے۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح اس وقت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر موجود ہے جس کی ایک بڑی وجہ ملک میں ڈیزل و پٹرول کی قیمتوں میں تسلسل سے ہونے والا اضافہ ہے، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے جہاں لوگوں کے ایندھن کے اخراجات کو بڑھایا ہے تو اس کے ساتھ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے کھیتوں، منڈیوں، فیکٹریوں اور بندرگاہوں سے مال لے جانے والی ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے ساتھ ہی مہنگائی کا ایک نیا طوفان شروع ہونے سے اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں اور کم اور متوسط آمدنی والے طبقوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری پیٹرولیم مصنوعات پر بڑھائی گئی قیمتیں واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

Comments
Loading...