فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت ایک انسانی المیہ ہے اور اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی مفتی منیب الرحمن سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات،فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ریلی میں شرکت کی دعوت،مفتی منیب الرحمن کی شرکت کی یقین دہانی
فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت ایک انسانی المیہ ہے اور اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن سے انکی رہائش گاہ پر جا کر ان سے ملاقات کی۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مفتی منیب الرحمن نے ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ صورتحال اور بالخصوص غزہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر تفصیلی گفتگو کی۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت ایک انسانی المیہ ہے جس پر اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے،اسی لیے ایم کیو ایم پاکستان نے تمام تر سیاسی اختلافات، نظریات اور مذہبی تفریق اور فرقہ واریت کو ایک طرف رکھ کر 20 اکتوبر بروز جمعہ کو فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی کا انعقاد کیا ہے جس میں ہم نے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر یک زبان ہوکر فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی و ہمدردی کرنے کیلئے متحد کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ جمعہ کو شاہراہ فیصل پر فلسطینی عوام سے نکلنے والی ریلی کسی ایک سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ ہر اس شخص کی ریلی ہے جس کا دل بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی عوام کیلئے دھڑکتا ہے۔
اس موقع پر مفتی منیب الرحمن نے اپنی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطین کا مسئلہ بہت سنگین اور اہمیت کا حامل ہے اور اس مسئلہ پر ایم کیو ایم کی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ریلی میں تمام اکائیوں کو متحد کرنے کی کوشش قابل تعریف ہے۔
مفتی منیب الرحمن نے گفتگو میں مزید کہا کہ ایم کیو ایم کی اس ریلی میں ہم شرکت کر کے فلسطین کے بچے، بچیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔اس موقع پر انکے ہمراہ رکن رابطہ کمیٹی عبدالحسیب و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔