ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی کے-الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں بلاجواز لوڈشیڈنگ کی سخت الفاظ میں مذمت
کے الیکٹرک اپنے لائن لاسس کے معاملات کو کنٹرول کرے اور اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھائے ناکہ عوام پر بلاجواز بھاری بھرکم بجلی کے بلوں کا بوجھ ڈالے،رابطہ کمیٹی
نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کراچی میں کے الیکٹرک کی بلاجواز لوڈشیڈنگ کا اور نیپرا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ کا نوٹس لیں،رابطہ کمیٹی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کے-الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں بلاجواز لوڈشیڈنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام پہلے ہی مہنگائی اور رہزنوں سے پریشان ہیں اوپر سے کے-الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی لوڈ شیڈنگ ، اوور بلنگ جبکہ نیپرا اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے جان چھڑا کر بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کے اس دور میں مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کے-الیکٹرک شہریوں سے بلوں کی مد میں بھاری رقوم وصول کر رہی ہے اور کارکردگی صفر ہے،اربوں روپے منافع اور بھاری بلوں کی وصولی کے باوجود کراچی میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک کی جانب سے دی جانے والی مختلف وجوہات کو مسترد کرتی ہے،کے الیکٹرک اپنے لائن لاسس کے معاملات کو کنٹرول کرے اور اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھائے ناکہ عوام پر بلاجواز بھاری بھرکم بجلی کے بلوں کا بوجھ ڈال کر اپنی کمپنی کا بیلنس بڑھائے۔
رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک حکام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک بدمعاشی بند کرے اور کراچی والوں کے صبر کا امتحان نہ لے اگر کے-الیکٹرک نے عوامی مطالبات پر کان نہ دھرے تو ایم کیو ایم عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ اسٹیشن سے ملنے والی بجلی پر مکمل انحصار کیا ہوا ہے جبکہ معاہدے کے تحت انہیں اپنی بجلی بھی پیدا کرنا ہے جبکہ کے الیکٹرک اپنی بجلی پیدا کرنے کے نام پر ہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بلوں میں کئی مہینوں تک اضافی چارجز لگا کر بھیجتی ہے۔
رابطہ کمیٹی نے نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب کی جانے والی بلاجواز لوڈشیڈنگ کا ازخود نوٹس لیں اور نیپرا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ کا بھی نوٹس لیا جائے۔