وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کمپنی کے وفد کی ملاقات
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔
وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کمپنی کے وفد کی ملاقات
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کمپنی کے وفد کی ملاقات۔ حیات بائیو ٹیک کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے حکمران خاندان کے رکن عزت مآب شیخ احمد دلموک المکتوم نے ایک وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے حیات بائیو ٹیک کی جانب سے پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹر بالخصوص ویکسین کی تیاری میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے دورہ کرنے والے وفد کو قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغی بھی دی اور یقین دلایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ ہیں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات توانائی اور صحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے دّرمیان تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے ۔ انہوں نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ معزز مہمان نے وزیر اعظم کو حکومت سندھ کے تعاون سے شروع کیے گئے 1200 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کے منصوبے کے بارے میں بھی بتایا جو شمسی اور ہوا سے توانائی کا ایک ہائبرڈ پاور پلانٹ ہوگا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عبدالقادر پٹیل، ایس اے پی ایم طارق فاطمی اور متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔