آٹھ خواتین اور تین بچوں کی ہلاکت، سعید غنی کا اہم بیان سامنے آگیا
سانحہ سائٹ ایریا فیکٹری ایک افسوس ناک سانحہ ہے۔ سعید غنی
آٹھ خواتین اور تین بچوں کی ہلاکت، سعید غنی کا اہم بیان سامنے آگیا
کراچی : وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی کی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ سائٹ ایریا فیکٹری ایک افسوس ناک سانحہ ہے۔ فیکٹری انتظامیہ نے ایڈمنسٹریٹریشن یا کسی بھی انتطامیہ کو زکوۃ تقسیم کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا تھا ۔ واقعے میں متاثر افراد کا سرکاری خرچ پر علاج کرایا جائیگا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مخیر افراد سے درخواست ہے کہ وہ اس طرح کے اقدام سے گریز کریں ۔ اس طرح کے سانحات سے بچنے کے لیے ہی سندھ حکومت نے مفت آٹا فراہمی کی مہم شروع نہیں کی۔ سانحہ کے جاں بحق اور زخمیوں کو سندھ حکومت کے تحت معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ زخمیوں کا سرکاری خرچ پر مکمل علاج معالجہ کیا جائے گا۔ سانحہ کے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیکٹری مالکان کی جانب سے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ اس سانحہ میں 8 خواتین اور 3 بچے جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ میں ان تمام افراد سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ اگر زکوات ، صدقات اور امداد کرنا چاہتے ہیں تو اس انداز سے نہ کریں کہ لوگوں کو تکلیف ہو اور اس طرح کے سانحات رونما ہوں۔ سندھ حکومت کے سامنے بھی پنجاب کے طرز پر آٹا تقسیم کرنے کی تجویز تھی لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا کیونکہ اس میں بھی بھگدڑ سے ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ سندھ حکومت نے آٹا کی تقسیم کی بجائے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کو اکائونٹ میں براہ راست رقم منتقل کی ہے۔