ہماری مکمل کوشش ہے کہ تمام یونین کونسلز اور ٹائونز اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں۔ سعید غنی
موجودہ حکومت اپنے تمام ایسے ملازمین جو باقاعدہ اپنی ڈیوٹیاں کرتے ہیں یا ایسے ملازمین جو اب ریٹائرڈ ہوچکیں ہیں ان کی تنخواہوں اور پنشن کو مکمل تحفظ فراہم کرنا چاہتی ہے۔ سعید غنی
ہماری مکمل کوشش ہے کہ تمام یونین کونسلز اور ٹائونز اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں۔ سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ و رورل ڈویلپمنٹ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سندھ بھر کی تمام یونین کونسلز اور ٹائونز کمیٹیوں کے ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن کو محفوظ بنایا جائے گا اور ان کے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے او زی ٹی شئیر میں اضافہ کیا جائے گا۔
تمام ریجنل ڈائریکٹرز اپنے اپنے ریجن کی یونین کونسلز اور ٹائونز کمیٹیوں کے ملازمین کی تعداد و تنخواہوں، پینشن لینے والے ملازمین کے تعداد اور اخراجات کی مکمل فہرست مرتب کرکے فوری دیں تاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے اس کو شامل کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ سید خالد حیدر شاہ کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ سید خالد حیدر شاہ، فنانس سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری عائشہ میر، تمام ریجنل کے ڈائریکٹرز و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں تمام ریجنل ڈائریکٹرز نے اپنے اپنے ریجنل کی یونین کونسلز اور ٹائونز کمیٹیوں کو ملنے والے او زی ٹی شئیرز، ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی مد میں کی جانے والی ادائیگی کے حوالے سے صوبائی وزیر بلدیات کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح سندھ بھر کے بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن کو محفوظ بنانا ہے اور اس کے لئے تمام یونین کونسلز اور ٹائونز کمیٹیوں کے اس مد میں ہونے والے اخراجات، ان میں کام کرنے والے ملازمین اور پنشنرز کی تعداد کی مکمل تفصیلات فوری جمع کروائی جائے، جبکہ ان یونین اور ٹائونز میں ہونے والے دیگر اخراجات کی بھی تفصیلات جمع کروائی جائیں تاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان کے او زی ٹی شئیرز میں اضافے کو یقینی بنایا جاسکے۔
سعید غنی نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے تمام ایسے ملازمین جو باقاعدہ اپنی ڈیوٹیاں کرتے ہیں یا ایسے ملازمین جو اب ریٹائرڈ ہوچکیں ہیں ان کی تنخواہوں اور پنشن کو مکمل تحفظ فراہم کرنا چاہتی ہے اور اس ہے لئے وزیر اعلٰی سندھ کو مکمل رپورٹ آئندہ 24 گھنٹوں میں پیش کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مکمل کوشش ہے کہ تمام یونین کونسلز اور ٹائونز اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں تاکہ ان کو کسی قسم کی سرکار سے گرانٹ کی ضرورت پیش نہ آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو مضبوط بنانا ہے اور اس کے لئے موجودہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔