Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ایم کیو ایم پورے پاکستان کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ سید مصطفیٰ کمال

ایم کیو ایم پاکستان صرف پنجاب کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو کسی طور قبول نہیں کرے گی۔ سید مصطفیٰ کمال

0

ایم کیو ایم وہ واحد جماعت ہے جس نے ملک کے پاور سیکٹر کے مسائل پر بات کی اور اُن کا حل پیش کیا۔ سید مصطفیٰ کمال

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی سید مصطفیٰ کمال نے ہفتے کے روز ایم کیو ایم پاکستان ہاؤس میں اراکین مرکزی کمیٹی و اراکین اسمبلی کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کے پاور سیکٹر کے مسائل پر حکمرانوں اور متعلقہ حکام کی توجہ مرکوز کروائی اور اُس کا حل پیش کیا، ایم کیو ایم پاکستان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کی جانب سے ناجائز وصولیوں پر متعدد بار وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو عوامی مسائل حکومت اور حکمرانوں تک پہنچانے کیلئے کسی سڑک کو بند کرنے یا دھرنا دینے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہم جب چاہتے ہیں وزیراعظم اور وزراء سے ملاقات کرکے ناصرف عوامی مسائل سامنے رکھتے ہیں بلکہ انہیں حل بھی کرواتے ہیں، ہم نے حکمرانوں کو بتایا کہ اگر پاور سیکٹر کے مسئلے کی سنجیدگی اور سنگینی کو نہ سمجھا گیا تو پاکستان دیوالیہ ہوجائے گا۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نواز شریف کی کل ہونے والی پریس کانفرنس نے پورے ملک اور خاص طور پر شہری سندھ کے عوام کے احساس محرومی میں مزید اضافہ کیا ہے، نواز شریف صاحب کے بجائے وزیراعظم شہباز شریف کو پریس کانفرنس کرنا چاہئے تھی اور پورے ملک میں بجلی کی قیمتوں میں 18 سے 20 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کرنا چاہئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پورے پاکستان میں کسی شہر کو خصوصی حیثیت حاصل ہے تو وہ کراچی ہے جو پاکستان کے بجٹ میں 65 سے 70 فیصد حصہ دیتا ہے لیکن پھر بھی ہم صرف کراچی کیلئے نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ وزیراعظم صاحب جلد ایک پریس کانفرنس کریں گے اور پورے ملک کیلئے کم از کم 18 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کریں گے۔

Comments
Loading...