معراج شریف سرکاردوعالم ﷺ کے معجزات میں ایک عظیم معجزہ ہے
انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سربراہ سماجی رہنمامحمدسلیم عطاری کا کراچی کے مختلف مقامات پرمنعقدہ معراج النبی ﷺکانفرنس سے اظہارخیال
معراج شریف سرکاردوعالم ﷺ کے معجزات میں ایک عظیم معجزہ ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سربراہ سماجی رہنما محمد سلیم عطاری نے کراچی کے مختلف مقامات پرمنعقدہ معراج النبی ﷺ کانفرنس سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ معراج کی عظمت کے بارے میں ہرشخص کو مکمل آگاہی ہونی چاہیے۔آج کل لوگ سوشل میڈیا اورانٹرنیٹ کا منفی استعمال کرکے گھنٹوں ضائع کردیتے لیکن اسلامی تعلیمات کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے۔ اگر والدین بچوں کو بچپن ہی سے دینی تعلیمات ومعلومات سے آراستہ کریں تو یہی بچے بڑے ہوکر دنیا و آخرت میں آپ کے کام آئیں گے۔
محمد سلیم عطاری نے کہا کہ سرکاردوعالم ﷺ کے معجزات میں ایک عظیم معجزہ معراج شریف ہے، مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ تک سفر میں سرکار دوعالم ﷺ نے تمام انبیاء کرام علیہ السلام سے ملاقاتیں فرمائی، آپ ﷺ نے شب معراج کی رات امامت کروائی اور تمام انبیاء کرام مقتدی بنیں۔ اللہ تعالیٰ نے سرکاردوعالم ﷺ کوجنت ودوزخ کے مشاہدے کروائے، قدرت کی نشانیاں دکھائی، معراج کے موقع پر اللہ تعالیٰ نے نماز کا تحفہ دیا، سورہ بقرہ کی آخری دوآیات عطا فرمائی۔
محمد سلیم عطاری نے کہاکہ معراج کی رات سرکاردعالم ﷺ نے جو مشاہدات کئے، اسے اُمت کی اصلاح کیلئے بیان کیا، تاکہ قیامت تک کیلئے اُمت کی رہنمائی ہوسکے۔ خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سب سے پہلے واقعہ معراج کی تصدیق فرمائی۔
محمد سلیم عطاری نے کہا کہ سفر معراج سے ہمیں دنیا وآخرت کی کامیابی کیلئے کئی سبق ملتے، جن کاموں کواسلام میں منع کیاگیا اوراس کا سخت عذاب دکھایا گیا اُس میں ہی مبتلاہیں، گھرگھرانتشارہے، سودخوری، رشوت خوری، بے حیائی، بد امنی، دہشت گردی جیسے گناہوں میں مبتلا ہیں. ان مسائل سے نکلنے اورعذاب الٰہی سے بچنے اورجنت الفردوس میں جانے کا واحد راستہ اللہ اوراسکے رسول ﷺ کی تعلیمات پرعمل کرنے میں ہے۔