Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

نیو کراچی ٹاؤن میں رمضان مبارک کی آمد پر انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس کا انعقاد۔

سحری و افطار کی اوقات میں بجلی اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین محمد یوسف

0

رمضان مبارک میں عوامی خدمت فراہم کرنے والے ادارے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔ادارے

کراچی : کراچی ( نیو کراچی ٹاؤن میں رمضان مبارک کی آمد پر انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس کا انعقاد۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن ایاز حمید اللہ بلوچ،وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اے ای ای سید ارشاد خلیل، اے ای ای ماجد علی بخاری، محکمہ پولیس کے ، ایس ڈی پی او نیو کراچی محمد ندیم، ایس ایچ او نیو کرا چی تھانہ غلام رسول، فائربریگیڈکے آفیسرعارف منصور، کے-الیکٹرک کمپنی کے مینیجر وجاہت سموں، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مشتاق خان، ایکس ای این ایم اینڈ ڈی ندیم حیدر، اے ای ای ایم اینڈ ڈی واجد علی، سپریٹنڈنگ انجینئربی اینڈ آر اشفاق حُسین، انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، ڈائریکٹرٹیکسیشن عبدالنبی پلیجو، ڈپٹی ڈائریکٹرانکروچمنٹ عبید الرحمن، پبلک ریلیشن آفیسر نیو کراچی عقیل اختر و دیگر ٹاؤن افسران بھی شریک تھے۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا،چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان کی آمد آمد ہے اور اس ماہ ِمقدس میں مسلمان روزہ رکھتے ہیں اور اپنے رب کو راضی کرنے کے لئے خصوصی عبادات(تراویح) کا اہتمام کیا جاتا ہے۔اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ رمضان سے قبل تمام متعلقہ ڈپارٹمنٹ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے مشترکہ کوششیں کریں جس میں محکمہ پولیس،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن،کے-الیکٹرک اور سندھ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ یہ وہ ادارے ہیں جو لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہیں اس لئے ہم نے ان تمام ڈپارٹمنٹ کو بلا کر مشرکہ لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ماہِ مقدس کے لئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

چیئرمین محمد یوسف نے محکمہ پولیس کے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں موجود مساجد و امام بارگاہوں اور تراویح کے مقامات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے امن و امان کی فضاء کو قائم رکھیں رمضان مبارک میں افطار کی اوقات میں پھل فروش و دیگر افراد سڑکوں پر دُکانیں لگا لیتے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں خلل ہوتا ہے ان تمام معاملات کو محکمہ پولیس دیکھے اور جہاں ہمارے تعاون کی ضرورت ہو ہمیں آگاہ کریں نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ تعاون کے لئے تیار رہے گی۔محکمہ سینی ٹیشن نیو کراچی ٹاؤن کی مساجد کو ٹارگیٹ کرے اور ان کے اطراف صفائی ستھرائی کے ساتھ روشنی کے مناسب انتظامات کرے۔آپ دیکھیں کہ پاکستان میں دوسرے مذاہب کا بھی احترام کیا جاتا ہے اور ان کے مذہبی تہوار پر پوری ریاست کھڑی ہوتی ہے اور مذہبی تہوار پر سہولیات کی فراہمی یقینی بناتی ہے الحمد اللہ ہم مسلمان ہیں اور ماہ رمضان ہمارے لئے بہت زیادہ برکتوں اور رحمتوں کو حاصل کرنے کا مہینہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں سوئی گیس کمپنی کی لائنوں کی تنصیب کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے سڑکیں اور گلیاں کھودی گئی ہیں عوام پریشانی سے دوچار ہیں ہم سوئی گیس کمپنی سے ماہِ رمضان میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی بات کریں گے،کے-الیکٹرک کے ذمہ داران و افسران بھی عوام کو ماہ رمضان میں آسانیاں فراہم کریں سوئی گیس کمپنی اور کراچی الیکٹرک کمپنی سحر ی و افطارکے اوقات میں لوڈشیڈنگ نا کریں تاکہ مسلمان روزہ دار وں کوکسی قسم کی پریشانی نا ہو۔واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن رمضان مبارک میں پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے اور سیوریج کے مسائل کو فوری حل کرے تاکہ روزہ داروں اور نمازیوں کو مسجد آنے میں کوئی دقت پیش نا آئے، ہماری دعا ہے ہم سب اس ماہ مبارک کے تقدس کا خیال کریں اور عوامی خدمت فراہم کرنے والا ہر ادارہ اپنے حصے سے زیادہ کام کرکے عوام کوسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

اس موقع پر تمام اداروں نے اس بات کا عہدکیا کہ ہم عوام کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے تمام اداروں کو شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اس جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کررہے ہیں آپ بھی ہمارے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہمارا رب ہم سب سے راضی ہوجائے۔آمین

Comments
Loading...