ہم آزاد صحافت اور آزادی صحافت کے بانی و علمبردار ہیں۔ سعید غنی
دی ڈیموکریٹس پینل کی کامیابی پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کراچی پریس کلب کے انتخابات برائے سال 2016 میں نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال 2026 میں ”دی ڈیموکریٹس پینل” کو گزشتہ کئی برسوں کی طرح اس برس بھی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے ”دی ڈیموکریٹس پینل” کی کامیابی کا تسلسل جاری رکھنے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ سعید غنی نے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات 2026 میں فاضل جمیلی کو صدر، ارشاد کھوکھر کو نائب صدر، محمد اسلم خان کو سیکریٹری، محمد فاروق سمیع کو جوائنٹ سیکریٹری اور عمران ایوب کو خازن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور گورننگ باڈی کی 7 نشستوں پر عبدالجبار ناصر، اختر حسین سومرو، شیما صدیقی، فریال عارف، جاوید صبا، سید فرید عالم اور جاوید مہر کو منتخب ہونے پر انہیں بھی دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ کراچی پریس کلب تاریخی اہمیت کا حامل ہے جہاں سے متعدد صحافتی تحریکوں کا آغاز ہوا اور اسی پلیٹ فارم سے صحافیوں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے تاریخ ساز جدوجہد کی اور امید کرتا ہوں کہ تمام نو منتخب عہدیداران و اراکین صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافتی اقدار کی پاسداری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو آزادی صحافت کی علمبردار ہے، پیپلز پارٹی کی شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کراچی پریس کلب اور یہاں کے صحافیوں کو پہلی بار رہائش کے لیے پلاٹس فراہم کئے اور یہ تسلسل صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم آزاد صحافت اور آزادی صحافت کے بانی و علمبردار ہیں۔