چیئرمین محمد یوسف نے میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ کے ہمراہ جراثیم کُش اسپرے مہم کا آغاز کیا۔
نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے اسپرے مہم میں حصہ لینے کے لئے 04 گاڑیاں مختص۔
نیو کراچی ٹاؤن کی تمام یونین کمیٹیز میں جراثیم کُش ادویات کا اسپرے کیا جائے گا۔چیئرمین محمد یوسف
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن میں جراثیم کُش ادویات کی اسپرے مہم شروع۔ چیئرمین محمد یوسف نے میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ کے ہمراہ جراثیم کُش اسپرے مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مُشتاق خان و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔اسپرے مہم کے افتتاح کے موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو صحت مند اور بیماریوں سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے عوام کی صحت کی حفاظت کے پیش نظر نیو کراچی ٹاؤن کی تمام یونین کمیٹیز میں مرحلہ وار جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنااولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ صفائی ایمان کا آدھا حصہ ہے اور شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھراء رکھنے کے لئے گھروں کا کچرا ٹاؤن کی مقرر کردہ جگہوں پر ڈالیں گلی اور محلوں میں گندے پانی کا اجتماع نہ ہونے دیں اپنے گھر اورمحلے کی صفائی ستھرائی کا ہر ممکن خیال رکھا جائے جب ہم سب مل کر کام کریں گے تو جلدانشاء اللہ نیو کراچی ٹاؤن صاف و شفاف اور جراثیم سے پاک ٹاؤن بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کی ہر یوسی اورعلاقوں میں مچھروں،مکھیوں اوردیگر بیماری پھیلانے والے جراثیم کے خاتمے کے لئے باقاعدگی سے اسپرے کیا جائے گا تاکہ نیو کراچی ٹاؤن میں چکن گونیا،ملیریا،ڈینگی اور دیگر مہلک بیماریاں پھیلانے والے جراثیم کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کو شہری و بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں جس میں ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکوں کی بحالی کے کام کے ساتھ ساتھ سیوریج کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔