اصل لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل سنتا اور حل کے لیے عملی کردار ادا کرتا ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا عثمان پبلک اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول کیمپس ٹو کا دورہ
طلبہ نے یوتھ سینٹرز، کھیل کے میدان، اسپورٹس کلبز اور لائبریریوں کے قیام کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں
کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عثمان پبلک اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول کیمپس ٹو کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کے ساتھ ایک فکری اور رہنمائی پر مبنی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔نشست کے دوران طلبہ نے چیئرمین سے تعلیمی، سماجی اور بلدیاتی مسائل کے حوالے سے مختلف سوالات کیے. جن کے چیئرمین محمد یوسف نے نہایت خلوص، توجہ اور سنجیدگی کے ساتھ جوابات دیے۔
طلبہ نے یوتھ سینٹرز، کھیل کے میدان، اسپورٹس کلبز اور لائبریریوں کے قیام کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔چیئرمین محمد یوسف نے طلبہ کے جوش، جذبے اور سنجیدگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی ملک و قوم کا حقیقی سرمایہ ہیں، اگر وہ اپنی توانائیاں مثبت سمت میں صرف کریں تو پاکستان کا مستقبل یقیناً تابناک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کامیابی صرف ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ کردار، محنت اور اخلاق کے امتزاج سے ہی حقیقی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعلیم، کھیل اور سماجی شعور کے فروغ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو تعمیری اور مثبت سرگرمیوں میں بروئے کار لا سکیں۔
چیئرمین نے مزید بتایا کہ ٹاؤن انتظامیہ نے یوتھ سینٹرز، لائبریریوں اور کھیل کے میدانوں کے قیام کے لیے عملی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے، تاکہ ہر علاقے کے نوجوانوں کو صحت مند اور با مقصد ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ سماجی خدمت، قیادت اور کردار سازی کے اوصاف اپنے اندر پیدا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اصل لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل سنتا اور حل کے لیے عملی کردار ادا کرتا ہے۔اختتام پر اساتذہ اور طلبہ نے چیئرمین محمد یوسف کے خیالات کو حوصلہ افزا، بصیرت افروز اور رہنمائی سے بھرپور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی نشستیں نوجوانوں کے اندر سوچنے، سمجھنے اور مثبت سمت میں بڑھنے کا جذبہ بیدار کرتی ہیں۔
اسکول انتظامیہ نے چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹاؤن انتظامیہ کے یہ اقدامات تعلیم اور تربیت کے میدان میں نئی روح پیدا کریں گے۔