Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

محمد یوسف کی قیادت میں نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کی نئی مثال قائم، عوام کو معیاری تعلیم اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ حافظ نعیم الرحمن

حافظ نعیم الرحمن کا چیئرمین محمد یوسف کو تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے خصوصی دلچسپی پر خراج تحسین۔

0

تعلیمی ادارے میں معیاری تعلیمی ماحول، جدید فرنیچر، تربیت یافتہ اساتذہ، مفت نصابی کتب اور یونیفارم کی فراہمی جیسے اقدامات کو عوامی حلقوں نے خوش آئند قرار دیا۔

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ نیو کراچی سیکٹر 11-جی میں ِنو تعمیرشدہ، تزئین و آرائش اور جدید سہولتوں سے آراستہ شیخ سعدی ماڈل اسکول کا افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے ساتھ ہی اسکول میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں اور کلاسوں کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ جدید طرز پر تعمیر کیے گئے اس تعلیمی ادارے میں معیاری تعلیمی ماحول، جدید فرنیچر، تربیت یافتہ اساتذہ، مفت نصابی کتب اور یونیفارم کی فراہمی جیسے اقدامات کو عوامی حلقوں نے خوش آئند قرار دیا۔

افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، ڈاکٹر شکیل، چیئرمین یونین کونسل نمبر 10 فیصل قاری، وائس چیئرمین یونین کونسل نمبر 10 اویس، ٹاؤن کونسلرز، جماعت اسلامی نیو کراچی ٹاؤن کے ذمہ داران، اساتذہ، ٹاؤن افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے اور متعدد ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو جس رفتار سے مکمل کیا جا رہا ہے، وہ دیگر بلدیاتی اداروں کے لیے بھی ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ سعدی ماڈل اسکول صرف ایک عمارت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ اس کی جدید عمارت، معیاری فرنیچر، بہترین تعلیمی ماحول اور تربیت یافتہ اساتذہ اس امر کا ثبوت ہیں کہ اگر نیت درست ہو تو سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی مثالی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کے ساتھ کتابیں اور یونیفارم بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، جو عوامی خدمت کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس عوامی خدمت پر خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی عائد کرکے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈالنا ظلم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت عوام سے وصول کیے گئے وسائل کے باوجود انہیں ریلیف دینے میں ناکام نظر آتی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں، پارکوں، نکاسی آب، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں نمایاں کام کیا جا رہا ہے۔ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے، اسی لیے نیو کراچی ٹاؤن نے تعلیمی شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شیخ سعدی ماڈل اسکول تین برس قبل ایک خستہ حال اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار عمارت تھا، جہاں تعلیمی سرگرمیاں تقریباً ختم ہو چکی تھیں، تاہم نیو کراچی ٹاؤن نے اس کی مکمل ازسرِنو تعمیر، جدید طرز کی تزئین و آرائش، معیاری فرنیچر، جدید کلاس رومز اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا، جس کے بعد آج یہ ادارہ کسی بھی معیاری نجی اسکول کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سرکاری بلدیاتی اسکولوں کو اس معیار تک لے جایا جائے کہ والدین اپنے بچوں کو ان اداروں میں داخل کرانے پر فخر محسوس کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے جماعت اسلامی کو خدمت کا مینڈیٹ دیا ہے اور انشاء اللہ تعمیر و ترقی، تعلیم اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا یہ سفر آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے جدید شیخ سعدی ماڈل اسکول کا تفصیلی دورہ کیا، مختلف کلاس رومز، تدریسی سہولتوں اور نئی تعمیرات کا جائزہ لیا اور نیو کراچی ٹاؤن میں تعلیم کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

Comments
Loading...