Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب اور غرور خاک میں مل گیا۔ منعم ظفر خان

جماعت اسلامی کے تحت ملک گیر یومِ عزم، کراچی سمیت سینکڑوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے

0

بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب اور غرور خاک میں مل گیا۔ منعم ظفر خان

کراچی : امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر بھارتی جارحیت و بزدلانہ کاروائی کے خلاف جمعہ 9 مئی کو ملک گیر ”یوم عزم“ کے سلسلے میں شہر بھر میں سینکڑوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے لسبیلہ چوک نعمان مسجد کے باہر مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔

مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز، سکریٹری ضلع نعمان حمید،چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع و دیگر نے بھی خطاب کیا۔مظاہرے کے شرکاء نے امریکہ،بھارت و اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ منعم ظفر خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ،بھارت اور اسرائیل شیطانی مثلث ہے جو پوری دنیا میں اپنے توسیع پسندانہ عزائم رکھتا ہے،غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو شہید کیا گیاہے،55ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل مشرق وسطیٰ میں گریٹر اسرائیل بنانا چاہتا ہے۔

انیوں نے کہا کہ دوسری جانب بھارت توسیع پسندانہ عزائم کے تحت پاکستان کے نہتے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنارہاہے،بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستانی آبادی پر میزائل حملے کیے،پاکستانی فضائیہ نے 5جہاز تباہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا،پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر امریکہ،بھارت اور اسرائیل کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنادے گی۔بھارت نے قیام پاکستان کو ایک دن کے لیے تسلیم نہیں کیا،1948 ہو یا 1965ہو ان تمام مواقع پر بھارت نے توسیع پسندانہ عزائم کامظاہرہ کیا۔عوام جذبہ جہاد و شوق شہادت سے سرشار ہیں،ملکی سالمیت کے لیے ہم سب کو سیاسی اختلافات کو بھلاکر سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔

حکومت تمام جماعتوں کو ایک نکاتی ایجنڈے پر مجتمع کر ے، آل پارٹیز یا قومی سلامتی کانفرنس طلب کی جائے۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ کراچی میں عوام شدید گرمی حبس کے عالم میں جذبہ جہاد و شوق شہادت سے سرشارہوکر بھارت کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں،کچھ روز قبل بھارت نے پاکستان کی حدود میں میزائل حملے کیے اور بھارت نے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، یہ وہ بھارت ہے جو امریکہ اور اسرائیلی سے دوستی کی پینگیں بڑھاتا ہے اور رات کی تاریکی میں بچوں اور عورتوں پر میزائل حملہ کرتا ہے، بھارت سن لے کہ اس کا مقابلہ ایسی قوم سے ہوا ہے کہ جس کی فوج کی تعداد 7لاکھ نہیں بلکہ 25کروڑ ہے،پاکستانی قوم بھارت کے مقابلے میں سیسہ پھیلائی ہوئی دیوار بن جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے کہ کس طرح اس نے پہلگام میں ہونے والے واقعہ کابہانہ بنایاجس میں سیاحوں کا قتل عام کیا گیا اورسارا الزام پاکستان پر لگادیا گیا،بھارت نے اعلان جنگ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں پر میزائل اٹیک کیے،اس نے پاکستانی افواج اور پاکستانی فضائیہ کو دیکھ لیا کہ پاکستان کی شاہین صفت فورس دشمن کا جواب دینے کے لیے بیدار ہے،پاکستانی فضائیہ نے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا، رافیل طیارہ بھارت کا غرور تھا پاکستانی فضائیہ نے 5جہاز گرادیے،بھارت مسلسل پاکستان پر ڈرون بھیج رہا ہے اب تک 77سے زائد ڈرون اٹیک کیے جاچکے ہیں جسے پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بناکر بھارت کا غرور خاک میں ملاکررکھ دیا ہے۔#

Comments
Loading...