چیئرمین محمد یوسف کا نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جاری تعمیر و ترقی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ۔
ورلڈ بینک کے ادارے کلک کے تعاون سے شیخ سعیدی گرلز اینڈ بوائز اسکول سیکٹر 11-جی میں جاری اسکول عمارت کی تعمیرنو کا معائنہ۔
نیو کراچی ٹاؤن کی آبادی کے حساب سے برسوں پُرانے سیوریج سسٹم کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔چیئرمین محمد یوسف
کراچی ( )چیئرمین محمد یوسف کانیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جاری تعمیر و ترقی کے کاموں کا جائزہ۔چیئرمین محمد یوسف نے ورلڈ بینک کے ادارے کلک کے تعاون سے شیخ سعیدی گرلز اینڈ بوائز اسکول سیکٹر 11-جی میں جاری اسکول عمارت کی تعمیرنو کا معائنہ کیا۔اس موقع پر یونین کمیٹی کے چیئرمینز،وائس چیئرمینز،یوسی کونسلرز و اراکین یونین کمیٹی،سپرٹینڈنگ انجینئر بی اینڈ آر اشفاق حُسین،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر،اے ای ای بی اینڈ آر صفدرحُسین،اے ای ای بی اینڈ آر ساجد صدیقی و دیگر ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب جماعت اسلامی کے نمائندوں کو عوام نے ووٹ دے کر منتخب کیا اور ہمیں اختیار ملا تو نیو کراچی ٹاؤن میں بے تحاشہ مسائل موجود تھے جن میں اجڑے ہوئے ویران پارک،بلدیاتی اسکولوں کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار جبکہ طلباء و طالبات کے لئے فرنیچر تک میئسر نہیں تھا۔نیو کراچی ٹاؤن کے ہر علاقے میں سیوریج نظام تباہ تھا اور جگہ جگہ گندے پانی کے جوہڑ بن گئے تھے جس کی وجہ سے سڑکیں اور اندرونی گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں افسوس کہ ساتھ کہنا پڑھ رہا ہے کہ سابقہ بلدیاتی دور میں ان بنیادی عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے مختص فنڈ کو کرپشن کی نظر کیا گیا۔آج الحمد اللہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب عوامی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کررہے ہیں۔
اس سلسلے میں شیخ سعیدی گرلز اینڈ بوائز اسکول سیکٹر 11-جی کی عمارت جو عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار تھی اورعلاقے کے بچے مجبوراً دور دراز کے اسکولوں میں جارہے تھے آج الحمد اللہ ولڈ بینک کے ادارے کلک کے تعاون سے اسکول کی عمارت کی تعمیر کا کام جدید طرز کے مطابق کیا جارہا ہے جہاں جلد انشاء اللہ محلے کے بچے اپنی تعلیم کے سفر کا آغاز کریں گے۔بعد ازاں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 5-F کھڈا اسکول سے مُتصل سیوریج لائن کی تنصیب،سیکٹر 5-ایم میں سماما شاپنگ اینڈ ٹاور سے متصل نالے کی تعمیر اور سیکٹر 11-اے میں الھدیٰ مسجد کے قریب سیوریج لائن کی تنصیب کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کی پریشانی اور تکلیف کو محسوس کرتے ہیں اور عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں جبکہ واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل ہمارے حصے میں نہیں آتے لیکن ہم عوامی نمائندے ہیں اور خدمت کے جذبے کے ساتھ عوام کے دیرینہ واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل کو ٹاؤن کے فنڈ سے حل کررہے ہیں،جبکہ نالوں پر قائم پُلیہ اور نالے کی دیواروں کو بھی پختہ کیا جارہا ہے انشاء اللہ جلد نیو کراچی ٹاؤن میں موجود مسائل سے عوام کو چھٹکارا مل جائے گا۔