Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

آج ایک بار پھر کچھ لوگ اپنی سیاسی دکان کو چمکانے کے لئے اس شہر اور صوبے میں تعصب کو ہوا دے رہے ہیں۔ سعید غنی

سہراب گوٹھ میں موجودہ سندھ حکومت نے جہاں ٹاؤن کے فنڈز سے ترقیاتی کام کروائے ہیں وہاں سندھ حکومت نے اب تک کئی ارب روپے کے میگا منصوبے یہاں دئیے ہیں۔ سعید غنی

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آج ایک بار پھر کچھ لوگ اپنی سیاسی دکان کو چمکانے کے لئے اس شہر اور صوبے میں تعصب کو ہوا دے رہے ہیں اور اس شہر اور صوبے کو تعصب میں جھوکنے کی سازش کررہے ہیں۔ ماضی میں اس شہر میں لوگوں کی گردنیں اس لئے کاٹی گئی کہ وہ پختون، سندھی، پنجابی اور دوسری زبان بولتے تھے۔ اس شہر اور صوبے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ماضی کی بدامنی رہی ہے اور ترقی کے لئے امن و امان بہت ضروری ہے۔

سہراب گوٹھ میں سندھ حکومت نے اربوں روپے کے میگا منصوبے دئیے ہیں اور متعدد منصوبے اب بھی جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سہراب گوٹھ بزنس کمیونٹی کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر سید وقار مہدی، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساند، سہراب گوٹھ ٹاؤن کے چیئرمین لالہ رحیم، تقریب کے میزبان حاجی نثار علی، حاجی اصغر مولانا لطیف برنی، حاجی گل شیر و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ حکومت میں ہونے کے ناطے یہ ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم عوام کے مسائل سنیں اور ان کا حل بھی کریں اور سہراب گوٹھ میں موجودہ سندھ حکومت نے جہاں ٹاؤن کے فنڈز سے ترقیاتی کام کروائے ہیں وہاں سندھ حکومت نے اب تک کئی ارب روپے کے میگا منصوبے یہاں دئیے ہیں اور اس وقت بھی یہاں متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے ۔

سعید غنی نے کہا کہ اس آبادی کے مسائل سے میں خود بھی بخوبی آگاہ ہوں اور اس کے حل کے لئے اقدامات بھی کئے ہیں اور اس وقت بھی پانی اور سیوریج کے کئی مسائل کے حل کے لئے وزیر بلدیات سندھ اور واٹر بورڈ کے انتظامیہ سے بات چیت ہورہی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ اس سال وفاقی حکومت کی جانب سے تمام صوبوں کے ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی کی گئی ہے اور صرف صوبہ سندھ میں 260 ارب روپے کم ملے ہیں، جس کی وجہ سے اس مالی سال میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم بجٹ میں نہیں رکھی جاسکتی البتہ تمام زیر التواء اسکیموں پر کام جاری ہے۔ اس تمام صورتحال کے باوجود بھی ہم نے یہاں کی ابادی کے مسئلہ کو دیکھتے ہوئے ابوالحسن اصفہانی برج کے نام سے ایک اسکیم منظور کی ہے اور جلد ہی نہ صرف اس پر کام کا آغاز کردیا جائے گا بلکہ اس کو جلد سے جلد مکمل بھی کرلیا جائے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ ماضی میں کراچی میں لوگوں کو تعصب کی بنیاد پر آپس میں لڑوایا جاتا رہا اور یہاں لوگوں کی گردنیں اس بنا پر بھی کاٹی گئی کہ وہ پختون زبان بولتا تھا، یا پنجابی، سندھی یا پھر اردو زبان بولتا تھا لیکن الحمد اللہ اس وقت یہ حالات نہیں ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ کسی بھی شہر، صوبے اور ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ وہاں امن و امان قائم رہے لیکن افسوس کہ اس شہر اور صوبے میں ماضی میں امن و امان کو تعصب کی بنیاد پر تہس نہیس کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام قومیتوں میں سیاسی اور نظریاتی اختلافات ضرور ہوسکتا ہے لیکن اس کو جواز بنا کر جس طرح ماضی میں ایک دوسرے کی گردنیں کاٹیں گئی تھی اور اسی بناء پر اس شہر اور صوبے میں ترقی کا سفر رک گیا تھا اور افسوس کہ آج ایک بار پھر کچھ لوگ اپنی سیاسی دکان کو چمکانے کے لئے اس شہر اور صوبے میں تعصب کو ہوا دے رہے ہیں اور اس شہر اور صوبے کو تعصب میں جھوکنے کی سازش کررہے ہیں اور ہم سب کو مل کر ان کی اس سازش کو نہ صرف ناکام بنانا ہوگا بلکہ اپنے شہر اور صوبے کے بہتر مفاد میں ان سازشوں کو بھی برملا بے نقاب کرنا ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سید وقار مہدی نے کہا کہ سہراب گوٹھ کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت نہ صرف اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ہم وفاق اور سینیٹ میں بھی اس پر آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ ٹائون کے چیئرمین لالہ رحیم نے گزشتہ تین سال کے دوران اس ٹائون میں جو ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں وہ قابل ستائش ہیں لیکن ضرورت ابھی بھی اس بات کی ہے کہ یہاں کے عوام کے تمام مسائل کو نہ صرف ترجیعی بنیادوں پر حل ہونا چاہیے بلکہ ایم نائیں سے منسلک سروس روڈ اور گرین بیلٹ کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی حکومت اور این ایچ اے اپنا کردار لازمی ادا کرے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقبال ساند، لالہ رحیم و دیگر مقررین نے سہراب گوٹھ کی بزنس کمیونٹی اور علاقہ معززین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک ایک کارکن اس علاقہ کی فلاح و بہبود اور یہاں کے مسائل کے حل میں ان ساتھ شامل بشانہ کھڑا رہے گا۔

Comments
Loading...