Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

کراچی کے عوام نے فیصلہ سنادیا کہ کراچی سے ڈاکو راج کے خاتمے کا دن ہے۔ سراج الحق

پاکستان کو ان لوگوں کی ضرورت نہیں جنہوں نے باری بار ی ملک اور قوم کو لوٹا ہے۔ سراج الحق

0

کراچی کے عوام نے فیصلہ سنادیا کہ کراچی سے ڈاکو راج کے خاتمے کا دن ہے۔ سراج الحق

کراچی : امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا باغ جناح گراؤنڈمیں عظیم الشان وتاریخی”جلسہ اعلان کراچی“ سے خطاب۔ انہوں نے کہا کہ آج باغ جناح گراؤنڈ میں ریفرنڈم ہوگیااور کراچی کے عوام نے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کا فیصلہ سنادیا۔ کراچی کے عوام نے فیصلہ سنادیا کہ کراچی سے ڈاکو راج کے خاتمے کا دن ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں شریک ہو کر ثابت کردیا کہ جس طرح 2023واپس نہیں آسکتا اسی طرح ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کادورواپس نہیں آئے گا۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار معدنیات اور وسائل سے نوازا ہے۔ پاکستان کاہر بچہ پونے تین لاکھ کا مقروض ہے۔ غربت، مہنگائی، بد امنی، کرپشن، افراتفری کی ذمہ دار 76سال حکومت کرنے والی جماعتیں ہیں۔ ملک میں قیاد ت کی باری لاڈلوں اور شہزادوں کی نہیں بلکہ کسانوں اور مزدوروں کی باری ہے۔ پاکستان اس وقت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا مقرو ض ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تینوں بڑی پارٹیوں نے منشور پیش کیا،وہی پرانہ منشور پیش کیا کہ پاکستان کو نواز دو۔ پاکستان کو نواز کی ضرورت نہیں بلکہ امن، روزگار، صحت و صفائی کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو ان لوگوں کی ضرورت نہیں جنہوں نے باری بار ی ملک اور قوم کو لوٹا ہے۔ نواز شریف اپنے بیانیے سے توبہ کرگئے ہیں اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بھول گئے۔ پاکستان میں پانچ دریا، 25کھرب ڈالرکا کوئلہ موجود، تیز ہوائیں موجود اس کے باوجود بجلی اور توانائی کے لیے بیرون ملک سے معاہدے کیے گئے ہیں۔ ہم آئی پیپیز کے معاہدے کو عوام دوست بنائیں یا ختم کردیں گے۔ پاکستان آئی پیپپز کا نہیں بلکہ25کروڑ عوام کا ہے ہم سب کا ہے۔ ملک میں 5ہزار سالانہ کرپشن کی جارہی ہے کوئی اس پر کنڑول نہیں کرسکا اور نہ ان کا احتساب کرسکا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی کرپٹ لوگوں کااحتساب کرے گی۔آٹا مافیا، شوگر مافیا،بجلی مافیا کا احتساب کرے گی۔ پاکستان کے نوجوانوں کے راستے میں یہی حکمران رکاوٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران اوران کے وزراء اربوں روپے کا مفت پیٹرول استعمال کرتے ہیں اور سبز نمبر پلیٹوں کی 90گاڑیوں کا پروٹوکول دیا جاتاہے۔ حکمران پارٹیاں قومی ادارہ اسٹیل مل کر ٹھیک نہیں کرسکے تو پاکستان کیسے ٹھیک کریں گے۔ قوم کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی رستہ نہیں ہے، ہمارے پاس ہر شعبے کے مایرین کی ٹیم موجود ہے۔ بجلی اور گیس نہ ہونے کی وجہ سے صنعتی ادارے بند ہورہے ہیں، بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس بجلی اور گیس کے متبادل موجود ہے، جماعت اسلامی بجلی اور گیس کی فراہمی ممکن بنائے گی اور ایک دن کے لیے صنعتوں کوبند نہیں ہونے دے گی۔ جماعت اسلامی نے ماضی میں کراچی کو تعمیرو ترقی کا شہر بنایا تھا اور آئندہ بھی بنائیں گے۔ فلسطین حملے پر پوری دنیا کے عوام سراپا احتجاج ہیں سب نے اسرائیل کی مذمت کی لیکن مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی نے امریکہ کے خوف سے فلسطین اور حماس کی حمایت نہیں کی اور نہ امریکہ و اسرائیل کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کراچی کی رہائشی ہے جو پوری قوم کی بیٹی ہے،کسی بھی حکومت اور حکمران نے اس کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی اور آزاد کروائے گی۔ جماعت اسلامی نے اپنے منشور میں اقلیتی برادریوں کو پاکستانی برادری قرار دیا ہے۔یہ ہمارے بھائی ہیں اور پاکستانی ہیں۔ جماعت اسلامی کے منشورمیں خواتین کے حقوق، تعلیم، ٹرانسپورٹ، وراثت سمیت تمام حقوق شامل کیے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے 300یونٹ فری دینے کا وعدہ کیا ہے یہ وعدہ بالکل اسی طرح ہے جیسے 1970میں روٹی،کپڑے اور مکان کا وعدہ کیا تھا۔ پیپلزپارٹی پہلے تھر کے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دیں اور ان کے مسائل حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف شہروں کی نمائندہ نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب کے دیہاتوں کی بھی نمائندہ ہے۔ 8فروری کے دن ترقی کے نشان ترازو پر مہر لگائیں، ہم تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر مہنگائی،بد امنی اور بے روزگاری کے خلاف متحد کریں گے۔

Comments
Loading...