کراچی قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی، ملک کا استحکام کراچی کے استحکام سے وابستہ، ملک کو بچانا ہے تو پہلے کراچی کو بچانا ضروری ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان
ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف وفود کراچی کے بحران پر سیاسی و سماجی تنظیموں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطوں اور مشاورت کا آغاز کریں گے
ایم کیو ایم کا شہری مسائل کے حل کے لیے ’’کراچی بچاؤ مہم‘‘ شروع کرنے کا اعلان
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی میں مضبوط مقامی حکومت کے قیام، کراچی اسٹریٹیجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد، ای چالان سسٹم کے نفاذ، شہر کی مخدوش بلدیاتی صورتحال، ٹریفک کے بے ہنگم نظام، ڈمپرز، لوڈرز اور ہیوی وہیکل کے نیچے شہریوں کے کچلے جانے، اسٹریٹ کرائمز بشمول گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے چھن جانے، سالانہ 20 ہزار سے زائد موبائل فون چھینے جانے، چوری اور رہزنی کی 50 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہونے، جعلی ڈومیسائل کے اجرا اور کراچی کے نوجوانوں کو محدود کیے جانے والے ملازمت کے مواقع سمیت وسیع تر مسائل کے حل کے لیے ’’کراچی بچاؤ مہم‘‘ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کراچی قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ملک کا استحکام کراچی کے استحکام سے وابستہ ہے، ملک کو بچانا ہے تو پہلے کراچی کو بچانا ضروری ہے جو اب تباہی کے دھانے پر ہے اس لئے ایم کیو ایم کراچی بچانے کے لئے اس مہم کا آغاز کررہی ہے، اس سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف وفود کراچی کے بحران کے حوالے سے سیاسی و سماجی تنظیموں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطوں اور مشاورت کا آغاز کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم ہر اُس جماعت سے بات کرے گی جو کراچی کا درد رکھتی ہے اور ہر اُس سماجی تنظیم سے مشاورت کرے گی جو شہر کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی ہے۔
ترجمان نے بہادر آباد مرکز سے جاری بیان میں کہا کہ بدترین شہری انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی مسلسل عدم دلچسپی نے حالات کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے جہاں شہریوں کا روزمرہ معمول بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کراچی جیسے میگا سٹی کے مسائل مشترکہ لائحہ عمل کے متقاضی ہیں، اس لیے ایم کیو ایم پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں، کراچی چیمبر آف کامرس، تاجر برادری، وکلا تنظیموں، ڈاکٹروں، انجینئرز، ماہرینِ شہری منصوبہ بندی اور دیگر پیشہ ور طبقات سے مشاورت کرے گی تاکہ ایک جامع اور مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دی جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں مختلف جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان نے واضح کیا کہ کراچی کے شہریوں کے حقوق، وسائل کی منصفانہ تقسیم، شہری ڈھانچے کی بحالی اور امن و امان کی بہتری کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو تقسیم کی سیاست چھوڑ کر متحد ہونا ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ پارٹی ہر فورم پر کراچی کے عوام کی آواز بنے گی اور اتفاقِ رائے پر مبنی ایک جامع منصوبہ سامنے لانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔