Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

بلدیاتی اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے لیے 10 ہزار روپے مالیت کے تعلیمی کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف

جن لوگوں نے کراچی کو پیرس بنانے کے دعوے کیے، انہی کی ناقص پالیسیوں نے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف

0

کے-الیکٹرک بلوں کی نان پیمنٹ کی بنیاد پر پورے علاقے کے شہریوں کو سزا دینا غیرمنصفانہ اور غیرقانونی عمل ہے۔ چیئرمین محمد یوسف

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نارتھ کراچی سیکٹر الیون ایل میں فاروقیہ ماڈل اسٹریٹ کا افتتاح۔اس موقع پر یوسی 11 کے چیئرمین غضنفر علی خان،وائس چیئرمین یوسی 11 عمران شفیق و دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔

چیئرمین محمد یوسف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ہر روز کسی نہ کسی ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کیا جا رہا ہے اور جماعت اسلامی کی منتخب بلدیاتی قیادت محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت کا سفر پوری دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں نیو کراچی ٹاؤن کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا، گلیاں اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں، سیوریج کا نظام تباہ حال تھا، گٹر ابل رہے تھے، پینے کے صاف پانی کی شدید قلت تھی جبکہ سرکاری بلدیاتی اسکولوں کی عمارتیں بھی خستہ حالی کا شکار ہو چکی تھیں اور تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر تھیں۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے کراچی کو پیرس بنانے کے دعوے کیے، انہی کی ناقص پالیسیوں نے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا۔محمد یوسف نے کہا کہ ان حالات میں نیو کراچی ٹاؤن کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا اور منتخب نمائندوں نے اقتدار سنبھالتے ہی نیک نیتی، شفافیت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔ آج الحمدللہ نیو کراچی ٹاؤن کی صورتحال پہلے سے کہیں بہتر ہے اور مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک مثالی اور ماڈل ٹاؤن بنا کر رہیں گے۔ فاروقیہ ماڈل اسٹریٹ عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اور اس کی تعمیر علاقے کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے محدود وسائل کے باوجود عملی جامہ پہنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے ترقیاتی فنڈز کی مد میں آج تک نیو کراچی ٹاؤن کو ایک روپیہ بھی فراہم نہیں کیا، اس کے باوجود ٹاؤن انتظامیہ نے اپنی منصوبہ بندی اور شفاف طرزِ عمل سے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جبکہ کئی منصوبے ابھی زیرِ تکمیل ہیں۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام عوامی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے کیونکہ بیشتر اختیارات صوبائی حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے تاکہ عوامی مسائل مقامی سطح پر مؤثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔محمد یوسف نے کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نان پیمنٹ کی بنیاد پر پورے علاقے کے شہریوں کو سزا دینا غیرمنصفانہ اور غیرقانونی عمل ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کے الیکٹرک نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو جماعت اسلامی اس کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرے گی کیونکہ کے الیکٹرک کے یہ اقدام آئین اور قانون کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعلیمی شعبے کو بھی خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔ سرکاری بلدیاتی اسکولوں کی عمارتوں کی مرمت و بحالی کی گئی ہے، دو اسکولوں کی ازسرنو تعمیر مکمل کی جا چکی ہے جبکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی بلدیاتی اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے لیے 10 ہزار روپے مالیت کے تعلیمی کارڈ جاری کیے جائیں گے، جن کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے لیے یونیفارم، کتابیں اور دیگر تعلیمی ضروریات خرید سکیں گے، جس سے ان کے مالی بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی۔

چیئرمین محمد یوسف نے مزید بتایا کہ جامعہ کراچی کی ٹرانسپورٹ بسیں خراب ہونے کے باعث طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جامعہ کراچی انتظامیہ کی درخواست پر جماعت اسلامی نے اپنی تمام ٹاؤن انتظامیہ کو ایک ایک بس کی مرمت کی ذمہ داری سونپی ہے۔ نیو کراچی ٹاؤن بھی اپنے حصے کی بس کو مکمل طور پر بحال کرے گا، جبکہ آئندہ ایک ماہ کے اندر تمام آٹھ بسیں دوبارہ سڑکوں پر آ جائیں گی، جس سے ہزاروں طلبہ و طالبات کو آمدورفت میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔

تقریب کے اختتام پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کے ذریعے نیو کراچی ٹاؤن کو شہر کا ایک مثالی اور ترقی یافتہ علاقہ بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی۔

Comments
Loading...