اب میرے پاس اگر کوئی شکایت آئی تو سخت کارروائی ہوگی اور زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ میئر کراچی
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں محکمہ انجینئرنگ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
کراچی : میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں محکمہ انجینئرنگ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ شہریوں کی مشکلات اور شکایات کو بہتر انداز میں حل کرنے سے متعلق اہم فیصلے۔ میئر کراچی کی جانب سے ویجیلنس ٹیم تشکیل دینے کا حکم۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں کی مؤثر نگرانی اور شکایات کو چوبیس گھنٹوں کے اندر حل کرنے کی ہدایت۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اینول کنٹریکٹ کا مقصد ہی شہریوں کی شکایات کو جلد از جلد حل کرنا تھا۔ بارش سے متاثرہ شاہراہوں کی مکمل بحالی کے بعد کسی بھی قسم کی شکایت کو بغیر کسی تاخیر کے حل کیا جائے۔ بلدیہ عظمیٰ کے پاس اپنے فنڈز موجود ہیں، ٹینڈر مکمل ہوچکا ہے، اب شکایات کا ازالہ مؤثر انداز میں کیا جانا چاہیے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ اب میرے پاس اگر کوئی شکایت آئی تو سخت کارروائی ہوگی اور زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ سینئر ڈائریکٹر انجینئرنگ جنید اللہ خان کی جانب سے میئر کراچی کو جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ناتھا خان اور جہانگیر روڈ کے منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے شہر کے تجارتی مراکز کو مثالی بنانا ہے، اس پر فوری کام شروع کیا جائے۔ مجھے شہر کی شاہراہیں ہر حال میں بہتر حالت میں چاہئیں۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر سید محمد افضال زیدی، مشیرِ مالیات گلزار ابڑو، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق احمد، سینئر ڈائریکٹر انجینئرنگ جنید اللہ خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔