نوجوانوں اور عوام کو پارٹی میں شامل کرنے کیلئے خصوصی مہم شروع
ہر 15 روز بعد تنظیمی کارکردگی اور پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا
کارکن عوام کے درمیان جا کر پارٹی پیغام پہنچائیں۔ فاروق ملک کی ہدایت
کراچی : میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) کی کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی کے تمام ٹاؤنز کے ذمہ داران اور تنظیمی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی ہدایات اور انچارج نہال احمد صدیقی کی ڈائریکشن پر شہر بھر میں عوامی رابطہ مہم کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) کو یونین کمیٹی، ٹاؤن، ضلع اور سٹی سطح تک منظم کیا جائے گا تاکہ عوام کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ شرکاء نے کراچی میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، پانی و بجلی کے بحران اور دیگر شہری مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کے درمیان بھرپور انداز میں جانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ انچارج فاروق ملک نے کہا کہ میری پہچان پاکستان ایک عوامی جماعت ہے جو کراچی سمیت پورے ملک کے مظلوم اور متوسط طبقے کی آواز بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے ہر ٹاؤن میں کارکنوں کے اجلاس، کارنر میٹنگز اور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
فاروق ملک نے کہا کہ ہر پندرہ روز بعد تنظیمی کارکردگی اور پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ پارٹی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے درمیان جا کر پارٹی پیغام پہنچائیں اور نوجوانوں کو تنظیم کا حصہ بنائیں۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کراچی کے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور عوامی حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔