چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی زیرِ صدارت ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد
کراچی : منتخب بلدیاتی قیادت سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر بنانے کے لیے سرگرم عمل۔ چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی زیرِ صدارت ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں, سابقہ ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر ایجوکیشن ندیم حنیف،ایکس سی این بی اینڈ آر محمد سہیل خان،یو سی 2 کے چیئرمین فیصل شیخ،تعلیمی کمیٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر عائشہ قمر اور تمام ہیڈ مسٹریسز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ تعمیر و مرمت کے تمام کام تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں تاکہ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل تمام منصوبے پایۂ تکمیل تک پہنچ جائیں۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ منتخب بلدیاتی قیادت ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی، اسکولوں کی بنیادی سہولیات میں بہتری اور طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
اس موقع پر سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ اور دیگر شرکا نے اپنے خطاب میں کہا کہ منتخب بلدیاتی قیادت کی جانب سے سرکاری اسکولوں کی تزئین و آرائش، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے کیے گئے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں سرکاری اسکولوں میں داخلوں کی شرح میں سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور بہتر تعلیمی ماحول کی بدولت والدین کا اعتماد سرکاری تعلیمی اداروں پر بحال ہوا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔