Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

بلاول نے کہا تھا میئر جیالا بنے گا۔اب تو ڈپٹی میئر بھی جیالا ہے۔

پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے میئر، ڈپٹی میئر اور کراچی کے 13 ٹائونز میں ٹائون چیئرمین اور وائس چیئرمین کی کامیابی کی خوشی میں جمعرات کو بلاول ہائوس کلفٹن کے نزدیک جشن فتح منایا گیا۔

0

بلاول نے کہا تھا میئر جیالا بنے گا۔اب تو ڈپٹی میئر بھی جیالا ہے۔

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے میئر، ڈپٹی میئر اور کراچی کے 13 ٹائونز میں ٹائون چیئرمین اور وائس چیئرمین کی کامیابی کی خوشی میں جمعرات کو بلاول ہائوس کلفٹن کے نزدیک جشن فتح منایا گیا۔

جس میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پارٹی رہنمائوں اور کارکنان نے نعرے بازی کی۔جیت کی خوشی میں پارٹی ترانوں پر کارکنان نے رقص کیا۔میئر و ڈپٹی میئر کی جیت کی خوشی میں شاندار آتش بازی کی گئی جس کے باعث اردگرد کے علاقے میں آسمان رنگا رنگ روشنیوں سے چمک اٹھا۔جشن کی تقریب میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی ، نومنتخب میئر کراچی مرتضٰی وہاب ۔نو منتخب ڈپٹی میئر سلمان عبد اللہ مراد، نجمی عالم، آصف خان اور دیگر شریک تھے۔ سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا کہ آج سب نے مل کر بلاول بھٹو کو مبارکباد دی ہے۔


بلاول نے کہا تھا میئر جیالا بنے گا۔اب تو ڈپٹی میئر بھی جیالا ہے۔ سب کو پتہ ہے میئر شپ کے لیے بہت انتظار کرنا پڑا ۔سالوں کا انتظار ہے۔ضیاء الحق کے زمانے سے کوشش کی آگے بڑھتے رہے، ڈرے نہیں بھٹو اور بے نظیر کو یاد کرتے رہے۔بلاول کی ہمت بڑھاتے رہو۔میئر ڈپٹی مئیر چیئرمین کوئی ہنی مون نہ منائیں۔حلف اٹھاتے ہی کراچی کا کام شروع کردیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کی خوشی میں بند پٹاخے بھی پاگل ہوگئے ہیں۔ بلاول بھٹو کا روڈ اور بے نظیر پارک نشانیاں ہیں ہماری۔ان نشانیوں پر جشن ہے تو جلنے والے جلتے رہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ عوام کی خدمت کا وعدہ بھٹو صاحب اور بے نظیر نے جان دے کر نبھایا ۔کیا پتہ دو چار ماہ میں اس سے بڑا جشن منایا جائے جب بلاول بھٹو وزیر اعظم بنے۔ابھی بلاول کے وزیر اعظم بننے کا انتظار ہے۔جو آپ کو برداشت نہیں کررہے وہ مقابلہ کرتے رہیں گے۔تم نے تو بڑے بڑوں کی پوشاکیں اتروادیں۔کراچی سب کا ہے پاکستان سب کا ہے۔پیپلز پارٹی نے تیر کے نشان پر سب کو ساتھ لیا۔

وقار مہدی نے کہا کہ جشن فتح کے دولہا نومنتخب پیپلز پارٹی کے پہلے میئر کراچی مرتضٰی وہاب ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد سمیت تمام عہدے داروں کو مبارک ۔فتح مبارک کراچی کا کراچی کے عوام کا شکریہ ۔بلاول زرداری آصف زرداری اور فریال تالپور کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے ایک بت کو گرادیا۔بت خود کو میئر کراچی لکھتا تھا آج ہم نے اس بت کو پاش پاش کردیا۔جماعت اسلامی کا ایک رکن صوبائی اسمبلی جھرلو انتخابات میں جیتا۔ پیپلز پارٹی نے خدمت کی جس پر کراچی کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا۔آج کا جشن کراچی کے شہریوں کا جشن ہے۔مختصر نوٹس پر جشن منایا ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔

کراچی کے شہریوں کو یقین دلاتا ہوں مرتضٰی وہاب مثالی خدمت کرے گا۔مرتضٰی وہاب ایسی خدمت کرے گا، جو پہلے کوئی میئر نہ کرسکا۔کراچی کو اس کا حق دلائیں گے روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔صوبائی وزیر و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ کارکنوں نے کراچی میں جانیں دیں قربانیاں دیں ۔انہوں نے تشدد کا سامنا کیا۔آج کی جیت قیادت اور کارکنوں کی قربانی کا صلہ ہے۔آج کی فتح شہید کارکنوں کے نام کرتے ہیں ۔شہید کارکنوں نے پر امن سیاست کے لیے جانیں دیں لیکن پارٹی کا پرچم نہیں گرنے دیا ۔

آج شہیدوں کی قربانی اور آصف علی زرداری و بلاول کی سیاست کے صدقہ میں میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہوئے۔شہید قربانی نہ دیتے تو آج کا دن نہ دیکھتے ۔مرتضٰی وہاب سے درخواست کے میئر کے دفتر میں بھی شہیدوں کے نام کی تختی لگائیں۔نومنتخب میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے کہا کہ آج جیت کا دن ہے۔ آج فتح کا دن ہے۔انہوں نے کہا نعیم بھائی کیسا دیا ؟۔ہم جمہوری اور سیاسی انداز میں جواب دیتے ہیں۔

نو منتخب میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے کہا کہ جیئے بھٹو کہتے رہیں گے لوگوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔ سلمان عبد اللہ مراد نے کہا کہ ہم کراچی میں بلاتفریق عوام کے مسائل حل کریں گے۔

Comments
Loading...