Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

کراچی میں 54ویں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اختتام پذیر، محکمہ کھیل سندھ کا ایتھلیٹ ماھنور فاطمہ کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان

0

کراچی : لوک ساہائتا کے زیرِ اہتمام محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان سندھ کے تعاون سے سندھ یوتھ کلب میں منعقدہ 54ویں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جنید شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، ڈی آئی جی پیر محمد شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید حبیب اللہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی سندھ کی ایتھلیٹ ماھنور فاطمہ کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

اس موقع پر منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ اب کھیلوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ نیشنل گیمز میں 10 ہزار کھلاڑیوں نے شرکت کی اور ایک تاریخی ایونٹ منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو میڈیا کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے۔ لوک ساہائتا کے تعاون سے منعقدہ قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ بھی ایک بہترین ایونٹ ہے، جس پر وہ لوک ساہائتا اور ڈی آئی جی پیر محمد شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی بچے کی کامیابی ملک کی کامیابی ہے اور اس سے پاکستان کا نام روشن ہوتا ہے۔ سندھ حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی، جبکہ دیگر صوبوں کو بھی اپنے کھلاڑیوں کے لیے انعامات کا اعلان کرنا چاہیے۔

چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا نے 27 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی، پاکستان نیوی نے 9 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے 8 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کے مقابلوں میں سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ مردوں کے مقابلوں میں پاکستان نیوی دوسری اور ایچ ای سی تیسری پوزیشن پر رہی۔ خواتین کی پانچ ہزار میٹر دوڑ میں واپڈا کی ماریہ بی بی نے نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کیا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

Comments
Loading...