بول سمیت دیگر چینلز کو ملازمین کے واجبات فوری طور پر ادا کرنے چاہئیں۔ سید امین الحق
سید امین الحق سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے سیکرٹری جنرل اے ایچ خانزادہ اور صدر حامد الرحمن کی سربراہی میں وفد سے ملاقات
بول سمیت دیگر چینلز کو ملازمین کے واجبات فوری طور پر ادا کرنے چاہئیں۔ سید امین الحق
کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی و چیئرمین سب کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات قومی اسمبلی سید امین الحق نے کہا ہے کہ بول سمیت دیگر چینلز کو ملازمین کے واجبات فوری طور پر ادا کرنے چاہئیں، بول ملازمین کے سالوں کے واجبات صحافیوں کے ساتھ ظلم ہے۔ واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے پیمرا پر بھی زور ڈالیں گے۔ پیمرا کی طرف سے بول ٹی وی انتظامیہ پر ملازمین کی واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی تک سرکاری اشتہارات چلانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہادرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی دفتر میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے سیکرٹری جنرل اے ایچ خانزادہ اور صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) حامد الرحمن کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
وفد کے اراکین نے ایم کیو ایم رہنما و سب کمیٹی چیئرمین کو بول متاثرین کے معاملے کے حوالے سے اگاہ کیا اور انتظامیہ کی طرف سے پیمرا کے فیصلے کی خلاف ورزی کے دستاویزی ثبوت بھی پیش کئے۔ وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کو بول متاثرین کی مشکلات کے حوالے سے اگاہ کیا اور کچھ ماہ قبل نومبر میں پیمرا ریجنل آفس کراچی کے سامنے احتجاج کے حوالے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے پابندی کے باوجود بول ٹی وی پر 11 جنوری اور 13 جنوری کو سرکاری اشتہارات نشر ہونے کی شکایت کی۔
سید امین الحق نے مزید کہا کہ بول ٹی وی متاثرین کا مسئلہ ہر صورت حل کریں۔ اس موقع پر سید امین الحق نے ملاقات کے دوران چیئرمین پیمرا کو ٹیلی فون کر کہ بول متاثرین کیس کے حوالے سے پیش رفت دینے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ کراچی کے صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی تکالیف کا ادراک کریں ہے۔ وفد میں کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری خواجہ محمد منصف، کے یو جے (دستور) کے جوائنٹ سیکرٹری سہیل رب خان، بول ایکشن کمیٹی کے کنوینر عبید شاہ اور فیضان فاروق بھی شامل تھے۔