Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

خطہ دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔ شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

0

خطہ دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔ شرجیل انعام میمن

کراچی : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، میڈیا کے شعبے میں تعاون، ثقافتی تبادلے اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال۔ ایرانی وفد کی سربراہی ڈاکٹر احمد نوروزی کر رہے تھے، عباس محمدی نجاد، مرتضیٰ شمسی اور علی محمد نافچی اور دیگر وفد میں شامل، سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن بھی ملاقات میں موجود۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفد کو سندھ کی تہذیب، موسیقی اور روایتی فنون کے بارے میں بریفنگ دی۔

دونوں ممالک کے درمیان براڈکاسٹنگ اور پروڈکشن کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو۔ ملاقات میں میڈیا کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ محکمہ اطلاعات سندھ مثبت بیانیہ سازی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ وادیٔ سندھ کے کرداروں پر مبنی ڈرامے، دستاویزی فلمیں اور فیچر فلمیں تیار کی جارہی ہیں۔ خطہ دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔ دونوں ممالک کے لیے ضروری ہے کہ عوامی آگاہی کو فروغ دیا جائے اور مثبت سوچ کو تقویت دی جائے۔ ترکیہ کے ڈرامے پاکستان میں بے حد مقبول ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ایرانی ڈراموں کو بھی اسی طرح کی پذیرائی حاصل ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی پروڈکشن ہاؤسز اور ٹی وی چینلز کے پاکستانی میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ تعاون کے فروغ میں حکومت سندھ اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ میڈیا کے شعبے میں تربیت کے لیے تعلیمی اداروں کو آگے لانا وقت کی ضرورت ہے۔ ایرانی وفد کی جانب سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو 2026 میں ایران میں ہونے والے فیسٹیول میں شرکت کی دعوت۔

سربراہ وفد ڈاکٹر احمد نوروزی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے سرکاری اور نجی میڈیا ہاؤسز کے نمائندے اس فیسٹیول میں شرکت کریں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایرانی وفد کو سندھ کی ثقافت کی علامت اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کیے۔

Comments
Loading...