آج بھارتی میڈیا، بی جے پی اور آر ایس ایس عمران نیازی کے ساتھ ایک پیج پر ہے۔ سعید غنی
آج بھارتی میڈیا، بی جے پی اور آر ایس ایس عمران نیازی کے ساتھ ایک پیج پر ہے۔ سعید غنی
کراچی : سعید غنی کا سندھ اسمبلی میں قرارداد پر خطاب۔ جس میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا دن ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ ایک سیاسی جماعت کا لیڈر جو ہمیشہ انصاف کی بات کرتا تھا اور قانون سب کے لئے کا دعوہ کرتا تھا اس کو کرپشن کے کیس میجر گرفتار کیا گیا تو اس کے ردعمل میں جو تماشہ پورے ملک میں لگایا گیا وہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں آگ لگائی گئی، جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا، لاہور میں کور کمانڈر کے گھر کو آگ لگائی گئی اور اس کو لوٹ لیا گیا۔ میانوالی میں ائیر بیس پر حملہ کیا گیا اور وہاں 1965 کی جنگ کی یادگار کے طور پر موجود جنگی جہاز جو پاکستان کی تاریخ کی شاندار ہونے کی نشانی تھی اس کو کو آگ لگائی گئی۔ اسکولز جلائے گئے اور مسجدوں اور تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
سعید غنی نے کہا عوامی اور سرکاری املاک، پیپلز بس سروس کی بسوں کو جلایا گیا اور ان کو توڑا گیا۔ پشاور میں زندہ جانوروں کو جلا دیا گیا اور کئی تھانوں پر حملے کئے گئے۔ ماضی میں ملک میں سیاسی رہنمائوں کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیاں بھی ہوتی رہی ہیں اور ماضی کے آمرانہ دور میں سیاسی رہنمائوں بالخصوص پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں گرفتار کیا جاتا رہا ہے، لیکن کسی نے قانون نافذ کرنے والوں پر حملے کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس عمران خان اور چوہدری پرویز کو گرفتار کرنے کی کوشش یا عدالتی وارنٹس کی تکمیل کرنے کی کوشش کے خلاف جو حملے کئے گئے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ گرفتاری کے خلاف جس طرح دہشتگردی کے حملے قانون نافذ کرنے والوں پر کئے گئے وہ قابل مذمت ہے۔ کسی دہشتگرد یا مافیا کے خلاف کارروائی پر تو ہم نے اٹیک تو سنے ہیں لیکن کسی سیاسی لوگ گرفتاری سے بچنے کے لئے امن و امان کی بحالی کے اداروں کے اہلکاروں پر جس طرح بم مارے گئے اور گولیاں برسائی گئی ایسا کبھی نہیں دیکھا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ عمران خان اس ملک کے لئے سب سے بڑا سیکورٹی رسک بنا ہوا ہے۔ عمران نیازی نے اس ملک کے اداروں کو تباہ کرنے کے ملک دشمن قوتوں کے اشاروں پر تلا ہوا ہے۔ عمران نیازی اس ملک کے معاشرے کو تباہ کرنے، فوج کو تباہ کرنے، عدالتی نظام کو تباہ کرنے اور اس ملک کے جمہوری اسٹریکچر کو تباہ کرنے کے ٹاسک کو پورا کررہا ہے۔ تحریک انصاف اور عمران نیازی کو بھارتیوں اور یہودیوں کی جانب سے اس کو فنڈنگ کرنے کے اسباب اب کھل کر سب کے سامنے آگئے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا عمران نیازی پر ردعمل اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں اب کھل کر سامنے آگیا ہے۔ آج بھارتی میڈیا، بی جے پی اور آر ایس ایس عمران نیازی کے ساتھ ایک پیج پر ہے۔ جو کام دہشتگردوں نے اس ملک میں ماضی میں کئے وہی کام تحریک انصاف کے دہشتگردوں نے گذشتہ 3 دنوں میں اس ملک میں کیا ہے۔ افسوس ناک عمل یہ بھی ہے کہ ہماری معزز عدالتوں کے کچھ ججز نے اس کو ہمیشہ ریلیف دیا اور اسے چھوٹ دی جاتی رہی۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ 3 دن سے اس ملک میں جو کچھ ہوا ہے اس پر ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت اور عدالتیں سوموٹو ایکشن لیں۔ کور کمانڈر کے گھروں کو جلانے اور لوٹنے، بسوں اور گاڑیوں کو جلانے، ائیر بیس، اسکولز اور مساجد پر حملے اور ان کو جلانے پر حکومتی ادارے کیا کررہے ہیں اس پر کیوں عدلیہ سوموٹو ایکشن نہیں لیتی۔ پی ٹی آئی کے دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا ہم مطالبہ کرتے ہیں۔ احتجاج کی آڑ میں کو کچھ ہوا یہ کھلی دھشتگردی اور ملک کے خلاف سازش ہے اور اس پر ہم کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ان دہشتگردوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ہمیں افسوس ہے کہ وہ جماعتیں جو جائز حق کے لئے کچھ کرتی ہیں تو ان کے خلاف کیا کیا کارروائیاں ہوتی رہی ہیں اور ایک جماعت جس کو یہودیوں اور بھارتیوں کی فنڈنگ پر جو کچھ کررہے ہیں ان کے خلاف کچھ نہیں ہورہا۔