محلہ کمیٹی لانڈھی کا تاریخی پیغام، حبیب گراؤنڈ انتظامی کمیٹی تشکیل
چیئرمین کاشف نظامی نے نوجوانوں کو میدانوں کی طرف کھینچ لانے کا چیلنج دے دیا
محلہ کمیٹی لانڈھی کا تاریخی پیغام، حبیب گراؤنڈ انتظامی کمیٹی تشکیل
کراچی : لانڈھی کی محلہ کمیٹی ایریا 36ای اور 5بی نے اپنے علاقے کے نوجوانوں کو تباہ کن لعنت منشیات سے بچانے اور انھیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ایک سنجیدہ اور تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ محلہ کمیٹی کے چیئرمین جناب کاشف نظامی کی خصوصی ہدایت پر اور کیبنٹ ممبران کی مشاورت سے، باضابطہ طور پر “حبیب گراؤنڈ مینجمنٹ کمیٹی” کے نام سے ایک 11 رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
اس کمیٹی کا بنیادی مقصد حبیب گراؤنڈ کو صرف ایک میدان نہیں، بلکہ نوجوانوں کے لیے ایک محفوظ اور تعمیری مرکز بنانا ہے۔ جنرل سیکرٹری عبدالسلیم کے مطابق، یہ کمیٹی گراؤنڈ کے انتظامی امور، دیکھ بھال اور کھیلوں کے پروگراموں کے فروغ کی ذمہ داری سنبھالے گی۔ کمیٹی ممبران کو نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے چیئرمین کاشف نظامی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ “یہ کمیٹی صرف گراؤنڈ کی دیکھ بھال کے لیے نہیں بنی ہے۔ آپ کا اصل مشن یہ ہے کہ نوجوانوں کو کھیل کے میدانوں کی جانب کھینچ لائیں اور ہر صورت منشیات جیسی تباہ کن لعنت سے دور رکھیں۔ صحت مند سرگرمیاں ہی نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی ضامن اور معاشرے کی بقا کی کلید ہیں۔
مزید پڑھیں :: شہر قائد کے علاقے لانڈھی ٹاؤن میں واقع حبیب گراؤنڈ منشیات فروشوں کی آماجگاہ بن گیا
چیئرمین کاشف نظامی نے مزید بتایا کہ “ہم نے متعلقہ تمام اداروں کو اس حوالے سے خط کے ذریعے سے آگاہ بھی کر دیا ہے جس سے ہمیں اور ہمارے علاقے کے نوجوانوں کو مذید سپورٹ بھی ملنے کے قوی امکانات ہیں، آپ نوجوانوں کو یہ چیلنج قبول کرنا ہوگا۔”چیئرمین محلّہ کمیٹی نے کہا کہ لانڈھی کے تمام نوجوانوں کو یہ واضح پیغام جانا چاہیے کہ اب ‘منشیات نہیں، کھیل کی جیت ہے’ 11 رکنی کمیٹی میں جن سرگرم نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے، ان میں فرحان ملک، محمد عاشر، محمد وقاص زئی، ارسلان خان، عدیل گل، احسن آصف، جاوید خان، شمائل آفاق، نوید خان، یاسین خان اور سید جنید علی، شامل ہیں۔
نو منتخب کمیٹی نے چیئرمین کاشف نظامی، وائس چیئرمین قاضی واثق عظیم، جنرل سیکرٹری عبدالسلیم، جوائنٹ سیکرٹری حاجی نعیم خان، ایگزیکٹیو ممبر زیشان صدیقی اور محلہ کمیٹی کے دیگر عہدیداران کے ہمراہ “نظامی ہاوس” میں ایک یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا، جو نئے عہد کی عکاسی کرتا ہے۔ آخیر میں چیئرمین محلّہ کمیٹی کاشف نظامی نے تمام ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ “حبیب گراؤنڈ مینجمنٹ کمیٹی” اپنے فرائض ایمانداری اور لگن سے انجام دے کر لانڈھی کے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنائے گی۔
