Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

کورنگی ندی پر جاری کازوے کی تعمیر کا کام دن رات بلا تعطل جاری ہے۔ سعید غنی

اس موقع پر سعید غنی کو پروجیکٹ ڈائریکٹر طارق مغل نے کاز وے کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

0

کورنگی ندی پر جاری کازوے کی تعمیر کا کام دن رات بلا تعطل جاری ہے۔ سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کورنگی ندی پر جاری کازوے کی تعمیر کا کام دن رات بلا تعطل جاری ہے اور یہ انشاءاللہ آئندہ سال جنوری میں عوام کے لئے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا ایک بڑا تحفہ ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن پر سندھ حکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت جاری کورنگی کازوے کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی فاروق اعوان، صدر ضلع کورنگی جانی میمن، ٹاون چئیرمین کورنگی محمد نعیم شیخ، شرجیل رضوانی، شیراز وحید، احمد رضا و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کورنگی کاز وے پر جاری پل کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سعید غنی کو پروجیکٹ ڈائریکٹر طارق مغل نے کاز وے کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سعید غنی نے کہا کہ کورنگی ندی پر جاری پل کی تعمیر کا کام دن رات بلا تعطل جاری ہے اور یکم جنوری 2025 تک پل کی تعمیر مکمل کرکے یہ عوام کے لئے کھول دیا جائے گا ۔

سعید غنی نے کہا کہ اس پل کی تعمیر سے کورنگی، لانڈھی اور ملیر کی عوام کو آسان سفری سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں میں کورنگی ندی زیر آب آنے سے ٹریفک کی سنگین مسائل پیدا ہوجاتے تھے، جس کے پیش نظر اس پل کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کا آغاز کروایا ہے ۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت بلاتفریق عوامی فلاح کے منصوبوں کو مکمل کررہی ہے اور اس وقت بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں میگا پروجیکٹ کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے عوامی مفاد کے کئی منصوبے تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے اور اس کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس سے کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کو سفری سہولیات میں آسانی میسر ہوگی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی نے ٹاون چئیرمین کورنگی نعیم شیخ کی جانب سے جاری کلین اینڈ گرین کورنگی مہم کے تحت ناریل کا پودہ لگایا۔

Comments
Loading...