شہر قائد کے علاقے لانڈھی ٹاؤن میں واقع حبیب گراؤنڈ منشیات فروشوں کی آماجگاہ بن گیا
لانڈھی ٹاؤن کے کھیل کے میدان میں منشیات فروشوں کا راج
شہر قائد کے علاقے لانڈھی ٹاؤن میں واقع حبیب گراؤنڈ منشیات فروشوں کی آماجگاہ بن گیا
کراچی (رپورٹ): لانڈھی ٹاؤن میں کھیلوں کا میدان حبیب گراؤنڈ، منشیات فروشوں کے قبضے میں چلا گیا ہے۔ مقامی محلہ کمیٹی کی جانب سے دی گئی اطلاعات کے مطابق، گراؤنڈ کے گرد و نواح اور اندرونی حصے میں منشیات کے عادی نامعلوم افراد نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ جس کی وجہ سے کھیل کی سرگرمیاں اور علاقہ مکینوں کا امن و سکون شدید متاثر ہو رہا ہے۔ اس سنگین صورتحال پر چیئرمین محلہ کمیٹی لانڈھی کاشف نظامی نے ایکشن لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو فوری خط ارسال کر دیا ہے۔
چیئرمین نظامی نے خط میں اداروں کو پورے علاقے اور حبیب گراؤنڈ کی تمام تر تشویشناک صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ہے۔ خطوط جن اداروں کے سربراہان کو ارسال کئے گئے ہیں۔ ان میں ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس (سندھ)، ڈی جی پاکستان رینجرز (سندھ)، ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ (کورنگی)، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ (کورنگی) شامل ہیں۔
محلہ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ کھیل کے میدان کو منشیات فروشوں سے فوری طور پر پاک کیا جائے تاکہ نوجوانوں کے لیے ایک صحت مند ماحول بحال ہو سکے۔
