Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

جب شہریوں کو گیس ہی دستیاب نہیں ہے تو بھاری بلز کیوں بھیجے جارہے ہیں،ڈاکٹر فاروق ستار

بھاری بلز بھرنے والے شہریوں کو کس بات کی سزا دی جارہی ہے،ڈاکٹر فاروق ستار

0

کراچی میں گھریلو صارفین کو دن کے اوقات میں بھی گیس کی فراہمی ناپید ہوچکی ہے،ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما و کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں گھریلو صارفین کو دن کے اوقات میں بھی گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے، کراچی کے کئی علاقوں میں لوگ لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہے جہاں ہر ادارہ اپنی مرضی کے مطابق جو چاہے وہ کرنے کا اختیار حاصل کرچکا ہے۔ کراچی 3 کروڑ سے زائد آبادی کا شہر ہے جو پاکستان میں سب زیادہ ٹیکس دیتا ہے اور وہاں کے شہریوں کو جان بوجھ کر تنگ کیا جارہا ہے، کراچی کے شہری پہلے ہی بجلی کی جبری لوڈشیڈنگ اور پانی کی بندش سے پریشان ہیں اب اُن پر گیس کی بندش کا عذاب نہ مسلط کیا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ گیس کہ عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ بھاری بلز بھرنے والے کراچی کے شہریوں کو کس بات کی سزا دی جارہی ہے؟ جب شہریوں کو گیس ہی دستیاب نہیں ہے تو بھاری بلز کیوں بھیجے جارہے ہیں؟ انکا کہنا تھا کہ گیس فراہم کرنے والے ادارے دن کے اوقات میں بھی کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں گیس فراہم کرنے سے قاصر ہے جبکہ دوسری جانب سلو میٹر چارجز اور اس جیسے دوسرے بوگس چارجز کے نام پر شہریوں سے بھاری بلز وصول کئے جارہے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے وفاقی وزیر توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں دن کے اوقات میں گھریلو صارفین کو گیس کی عدم فراہمی پر فوری نوٹس لیتے ہوئے گیس فراہم کرنے والے اداروں کو پابند کریں گے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کسی طور معطل نہ کی جائے۔

Comments
Loading...