Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

محمد یوسف کا سیکٹر 11-اے میں پارک اور 11-بی میں پینے کے پانی کی لائن کے کام کا معائنہ

نیو کراچی ٹاؤن میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف

0

شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین محمد یوسف

کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیو کراچی کے مختلف سیکٹرز کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیکٹر 11-اےمیں زیر تعمیر پارک اور سیکٹر 11-بیمیں پینے کے پانی کی نئی لائن کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر انکے ہمراہ چیئرمین یونین کونسل نمبر 12عظیم انور اور کونسلرز بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے تعمیراتی کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکٹر 11-اے میں پارک کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ پارک کی تکمیل سے علاقے کے مکینوں کو صحت مند تفریح اور کھیل کود کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔ بزرگ، نوجوان اور بچے اپنے گھروں کے قریب ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول میں وقت گزار سکیں گے، جس سے نہ صرف ان کی جسمانی و ذہنی صحت بہتر ہوگی بلکہ معاشرتی روابط بھی مضبوط ہوں گے۔

چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ سیکٹر 11-بیمیں پینے کے پانی کی لائن کی تنصیب علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو صاف اور بہتر پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہوگی اور پانی کی قلت کے مسئلے میں نمایاں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر محلے اور ہر سیکٹر میں بنیادی بلدیاتی سہولیات کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے اور ان کا معیارِ زندگی بلند ہو۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا اور عوام کی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہری جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

Comments
Loading...