زیادہ نقصان سے بچنے کے لیےسکھر بیراج کے تمام گیٹس کھول دیئے گئے ہیں
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی سے متعلق اجلاس
زیادہ نقصان سے بچنے کے لیےسکھر بیراج کے تمام گیٹس کھول دیئے گئے ہیں
کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی سے متعلق اجلاس۔ اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، سیکریٹری وزیراعلیٰ سندھ رحیم شیخ، سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو کی وزیراعلیٰ سندھ کو سکھر بیراج کے حوالے سے بریفنگ۔
انہوں نے کہا کہ 20 جون 2024 کو سکھر بیراج کے گیٹ نمبر 44 اور 47 کے نقصان کا پتہ چلا۔ گیٹ نمبر 44کو جزوی جبکہ گیٹ نمبر 47 مکمل طورپر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ کسی بھی بڑے نقصان سے بچنے کے لیے گیٹ نمبر 44 اور 47 کو فوری مرمت کی ضرورت ہے۔ زیادہ نقصان سے بچنے کے لیےسکھر بیراج کے تمام گیٹس کھول دیئے گئے ہیں۔ جس سے سکھر بیراج کے دائیں اور بائیں جانب بہنے والی بیراجوں کو پانی کی منتقلی متاثر ہوئی۔ جن میں خاص کر نارا، روہی، خیرپور شرقی، خیر پور غربی، شمالی دادو، رائس اور این ڈبلیو کینال میں پانی کی منتقلی کا عمل رُک گیا۔
مزید کہا کہ سکھر بیراج کے گیٹ نمبر 44 اور 47 کی فوری بحالی کے بعد صورتحال اپنے معمول پر آجائے گی۔ انجینئرز کی دن رات کی کوششوں سے محکمہ آبپاشی نے 26 جون 2024 کو سکھر بیراج میں پانی کی سطح کو پھر سے برقرار رکھا۔ محکمہ آبپاشی کے انجینئرز نے یہ کام مقررہ ہدف سے دو دن پہلے ہی مکمل کرلیا تھا۔ سکھر بیراج سےبہنے والی نہروں کو پانی کی سپلائی بھی بحال کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، سیکرٹری آبپاشی ظریف کھیڑو اور انجینئرنگ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ ان اقدامات کی وجہ سے بہت بڑے مالی نقصان سے بچنا ممکن ہوپایا۔
سیکریٹری آبپاشی نے کہا کہ گیٹ نمبر 44 پر مرمتی کام مکمل ہوچکا ہے۔ سیلابی صورتحال کے دوران گیٹ کی تبدیلی بڑے حادثے کا سبب بن سکتاہے۔ گیٹ نمبر 44 کے ڈفلیکشن کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے ۔ 20جون کےبعد اب تک ڈفلیکشن میں مزید اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر گیٹ کی مزید مضبوطی پرکام جاری ہے۔ اضافی سی چینلز، ایچ بیم، اور فش پلیٹس نصب کیے گئے ہیں۔ گیٹ کے تمام خراب حصوں کی مرمت کی جاچکی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو تصویری پریزنٹیشن کے ذریعے صورتحال سے آگاہ کیاگیا۔ دو گیٹ تبدیلی کے بعد کراچی شپ یارڈ میں تیاری کے مراحل میں ہیں۔ جس کے لیے تمام تر ضروری اشیاء فراہم کی جاچکی ہیں۔ جن میں جمبو بیگ، شٹر، مشینری، افرادی قوت بشمول مزدور، تکنیکی عملہ، ویلڈرشامل ہیں۔ گیٹ نمبر47 کے ساتھ بدھا کی تعمیر، کیشن گیٹ کی بحالی اور گیٹ نمبر 7 کی تبدیلی کے لیے آکسیجن سلنڈر، کرین اور دیگر اشیاء فراہم کی گئی ہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکھر بیراج کے دیگر 24 سے 59 گیٹس کو ہنگامی بنیادوں پر مضبوط کیاجارہا ہے۔ پانی کے بہائو پر قابو پانے کے لیے میکنیکل ونگ کیسن گیٹ کی بحالی پر پوری توجہ مرکوزرکھے ہوئے ہے۔ بحریہ ڈریجنگ کمپنی لمیٹڈ (بی ڈی سی ایل) سکھر بیراج پر کوفر ڈیم کی تعمیر اور کیسن گیٹ کی نقل و حرکت پر کام کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ مرمتی کا م کےلیے 502 ملین روپے کی فوری ضروت ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ آبپاشیی کے لیے 502 ملین روپے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ رقم گیٹ کی مرمت ، تبدیلی اور دیگر ضروری اقدامات کے حوالے جاری کی جائیں گی۔ ہم 2022 کے تباہ کن سیلاب کامنظر دیکھ چکے ہیں۔ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کو جلد سے جلد مکمل کیاجائے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے پیش نظر ہمیں محفوظ اقدامات کرنے ہیں تاکہ عوام کوان کے منفی اثرات سے بچایا جاسکے۔