Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

محکمہ خوراک کی ڈیجیٹلائزیشن سے گندم کے ذخائر کی نگرانی مزید مؤثر اور شفاف ہوگی۔ مخدوم محبوب الزمان

ڈیجیٹل نظام سے حکومت کو صوبے بھر میں گندم کے ذخائر کی صورتحال کی مسلسل نگرانی میں مدد ملے گی۔ مخدوم محبوب الزمان

0

کراچی : صوبائی وزیر خوراک اور کنوینر کمیٹی مخدوم محبوب الزماں کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس۔ اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات جام خان شورو اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے بحالی گیان چند ایسرانی کی شرکت۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے ریلیف عبدالجبار خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت۔

اجلاس میں گندم کی درآمد سے متعلق مجوزہ سہ فریقی معاہدے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے مطابق صوبائی حکومت 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرے گی۔ حکومت سندھ نے گندم کی درآمد کے لیے وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو باقاعدہ درخواست ارسال کی تھی۔ وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے گندم کی خریداری، درآمدی تخصیص اور ترسیل سے متعلق سہ فریقی معاہدہ سندھ حکومت کو بھجوا ہے۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مجوزہ سہ فریقی معاہدے کی مختلف شقوں، انتظامی اور عملی پہلوؤں کا جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی درآمد سے متعلق مجوزہ سہ فریقی معاہدہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات کے ساتھ سندھ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے فلور ملز میں دستیاب گندم کے ذخائر کی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔ فلور مل، گندم کے تاجروں، چکی آٹا یونٹس، سیڈ کمپنیوں اور پی آر سی مراکز کے ذخائر بھی ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہوں گے۔

محکمہ خوراک سندھ کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو جامع پریزنٹیشن دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں گندم کے ذخائر کی حقیقی وقت میں نگرانی کے لیے مرکزی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ مجوزہ ڈیش بورڈ پر سندھ میں گندم کی طلب، رسد اور کھپت کے تازہ ترین اعداد و شمار دستیاب ہوں گے۔ ڈیجیٹل نظام سے حکومت کو صوبے بھر میں گندم کے ذخائر کی صورتحال کی مسلسل نگرانی میں مدد ملے گی۔ محکمہ خوراک کی ڈیجیٹلائزیشن سے گندم کے ذخائر کی نگرانی مزید مؤثر اور شفاف ہوگی۔

کمیٹی کے اراکین نے مجوزہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کو مزید جامع اور مؤثر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے کہا کہ قابلِ اعتماد اور تازہ ترین معلومات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔

اجلاس میں اتفاق ہوا کہ گندم کے ذخائر کے مؤثر انتظام اور بہتر منصوبہ بندی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن سے محکمہ خوراک کی کارکردگی، نگرانی اور فیصلہ سازی کے عمل میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Comments
Loading...