Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

حکومت پاکستان نوجوانوں کو ڈیجیٹل بااختیار بنانے کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم جیسے منصوبے جاری رکھے گی۔ خالد مقبول صدیقی

این ای ڈی یونیورسٹی کا ہر طالب علم پاکستان کا روشن مستقبل اور فخر ہے، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی

0

این ای ڈی یونیورسٹی میں ’وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم فیز 4‘ کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پروقار تقریب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ ’وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم فیز 4‘ کی ریجنل تقسیمِ اسناد و لیپ ٹاپ کی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آج کا دور محض روایتی تعلیم کا نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں کا ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کو ان کے ہنر کے مطابق ایسے وسائل فراہم کرنے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم محض ایک مشین کی فراہمی نہیں بلکہ یہ نوجوانوں کو علم کے سمندر سے جوڑنے اور انہیں خود مختار بنانے کی ایک کوشش ہے کیونکہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی تک رسائی ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے این ای ڈی یونیورسٹی کے طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے ہمیشہ ملک کو بہترین انجینئرز اور ماہرین فراہم کیے ہیں اور لیپ ٹاپ اسکیم کا یہ چوتھا مرحلہ طلبہ کی تعلیمی و تحقیقی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ پاکستان کا مستقبل محفوظ اور مستحکم ہو سکے۔

تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر عامر چشتی،اراکینِ قومی اسمبلی جاوید حنیف اور اراکینِ صوبائی اسمبلی عادل عسکری، اعجاز الحق سمیت مرکزی رہنما سید حیدر عباس رضوی و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی، جبکہ این ای ڈی کے وائس چانسلر، رجسٹرار، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

Comments
Loading...