Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

محدود وسائل کے باوجود شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح

نیو کراچی ٹاؤن کے قبرستانوں میں صفائی، روشنی،خودرو پودوں،جھاڑیوں کی کٹائی اور راستوں کی ہمواری کے جامع انتظامات

0

شبِ برات پر عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح

کراچی : مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے نیو کراچی ٹاون کے مختلف قبرستانوں کا دورہ کیا اور جاری بلدیاتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ شہری اپنے مرحومین کی قبروں پر بلا رکاوٹ حاضری دے سکیں اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر مونسپل کمشنر کے ہمراہ ایڈیشنل سینیٹیشن ڈائریکٹر مشتاق خان، اسٹاف افسر محمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر باغات آفتاب، افسرِ باغات جاوید جمال، محکمہ ایم اینڈ ڈی کے ایکسی این شفقت اور افسر عرفان شیخ بھی موجود تھے۔

مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے قبرستانوں میں صفائی ستھرائی، جھاڑیوں کی کٹائی، آمد و رفت کے راستوں کی ہمواری اور روشنی کے انتظامات کا موقع پر جا کر جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو فوری بہتری کی ہدایات دی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے کہا کہ شبِ برات کے موقع پر شہری بڑی تعداد میں قبرستانوں کا رخ کرتے ہیں، اس لیے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کو صاف شفاف بہتر ماحول فراہم کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ نے اس مقدس رات کے پیشِ نظر خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ بزرگوں، خواتین اور بچوں کو آمد و رفت میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ قبرستانوں میں صفائی کے خصوصی آپریشن شروع کر دیے گئے ہیں، جھاڑیوں اور خود رو پودوں کو کاٹا جا رہا ہے، ٹوٹی پھوٹی گزرگاہوں کو ہموار کیا جا رہا ہے جبکہ رات کے وقت بہتر روشنی کے لیے اضافی لائٹس بھی نصب کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات عوامی سہولت اور مذہبی احترام کے تحت کیے جا رہے ہیں۔مونسپل کمشنر نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے ملازمین شب و روز عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور بلدیاتی ادارہ محدود وسائل کے باوجود شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ شبِ برات کے موقع پر فیلڈ میں موجود عملہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے گا تاکہ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جا سکے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ عوام اس بابرکت رات کو مکمل عقیدت کے ساتھ گزاریں اور اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دے کر ایصالِ ثواب کریں ۔

Comments
Loading...