امید ہے کہ چینی کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی اور تجربے سے ہمارے ترقیاتی اقدامات میں تیزی آئے گی۔ سید مراد علی شاہ
ملاقاتوں کے دوران تمام شرکاء نے مشترکہ مفادات اور مستقبل کے منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی
امید ہے کہ چینی کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی اور تجربے سے ہمارے ترقیاتی اقدامات میں تیزی آئے گی۔ سید مراد علی شاہ
تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں حکومت سندھ کے وفد کی چینی کمپنی نو رِنکو کے حکام سے ملاقات۔ ملاقات میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، بیجنگ میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور دیگر کی شرکت۔ سندھ حکومت کے وفد کی بیبن ٹرکس، چائنانارتھ وہیکل کو، جنگسو ٹریڈ الیکٹرو میکنیکل کے حکام سے بھی ملاقاتیں۔ ملاقاتوں میں کراچی سرکلر ریلوے، تھر کول انرجی، الیکٹرک بسیں، الیکٹرک ٹیکسیوں اور دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال۔ ملاقاتوں کے دوران تمام شرکاء نے مشترکہ مفادات اور مستقبل کے منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کے ترقیاتی منصوبوں کی روشنی میں نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔ ہماری ملاقات ایک نیا دور شروع کرنے کا اعادہ ہے جس سے نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ کراچی سرکلر ریلوے، تھر کول اور جدید الیکٹرک بسیں اور ٹیکسیاں ہمارے عوام کے لیے جدید سہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ امید ہے کہ چینی کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی اور تجربے سے ہمارے ترقیاتی اقدامات میں تیزی آئے گی۔ چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کی ترقی کو نئی راہیں ملیں گی، دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور صنعتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
باہمی تعاون سے مستقبل میں متعدد مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے لئے دروازے کھلیں گے۔