نیو کراچی ٹاؤن میں ڈینگی،ملیریا سے بچاؤ کے لئے جراثیم کش ادویات کی تین روزہ اسپرے مہم کا آغاز۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ جراثیم کُش اسپرے مہم کاآغاز کیا۔
نیو کراچی ٹاؤن میں ڈینگی،ملیریا سے بچاؤ کے لئے جراثیم کش ادویات کی تین روزہ اسپرے مہم کا آغاز۔
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن میں ڈینگی،ملیریا سے بچاؤ کے لئے جراثیم کش ادویات کی اسپرے مہم کا آغاز۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ جراثیم کُش اسپرے مہم کاآغاز کیا۔ اس موقع پریونین کمیٹیز کے چیئرمین،وائس چیئرمیز،سینئر ایڈمن ڈائریکٹر شمعونہ صدف،ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مُشتاق خان،ایکس ای این ایم اینڈ ای ندیم حیدر،و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے جراثیم کُش اسپرے کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو صحت مند اور بیماریوں سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے عوام کی صحت کی حفاظت کے پیش نظرنیو کراچی ٹاؤن کی تمام یونین کمیٹیز میں مرحلہ وار ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے اہلیانِ نیو کراچی ٹاؤن کو ہر ممکنہ بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صحت مند ماحول فراہم کرنااولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف کا کہنا تھا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ہماری بارباردرخواستوں کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں مچھر مار اسپرے نہیں کرایا، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ صفائی اور صحت کے مسائل خود حل کریں۔ آج سے شروع ہونے والی مچھر مار مہم تین دن تک جاری رہے گی اور ہم اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔
چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں عوامی فلاح کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں اور بہت جلد ٹاؤن کی ترقی کے لئے 600 مختلف گلیوں میں پیور بلاک لگانے کے کام کا افتتاح کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔تاہم شہریوں کو بھی اس حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مون سون کے سیزن میں بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے مچھروں کی افزائش ہوتی ہے اور ڈینگی اور ملیریا جیسی مہلک بیماریاں جنم لیتی ہیں،شہری احتیاطا کھڑکی اور روشن دانوں پر جالی لگائیں اورخصوصاً غروب آفتاب کے وقت گھروں کے دروازوں کو بند رکھیں،کھلے برتن میں پانی جمع نہ ہونے دیں،گھروں کا کچرا پولی تھین بیگ میں بند کرکے مقررہ جگہوں پر رکھیں ہمیں اپنے پیاروں کی حفاظت کے لئے یہ اقدامات کرنا ضروری ہیں جب ہم سب مل کر کام کریں گے تو نیو کراچی ٹاؤن صاف و شفاف اور جراثیم سے پاک ٹاؤن بن جائے گا۔