نیو کراچی ٹاون کی عوام کو ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہی ہے۔ چیرمین محمد یوسف
نیو کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر
نیو کراچی ٹاؤن میں مچھر مار اسپرے مہم کا باقاعدہ آغاز
کراچی : چیرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیو کراچی کے مختلف سیکٹرز میں مچھر مار اسپرے مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مشتاق احمد خان، ودیگر افسران بھی موجود تھے۔
اسپرے مہم کے افتتاح کے موقع پر چیرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاون کی عوام کو ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہی ہے۔ مچھر مار اسپرے کا باقاعدہ سلسلہ تمام یونین کونسلز اور سیکٹرز میں مرحلہ وار جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن میں مچھروں کی افزائش روکنے اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اسپرے مہم انتہائی ناگزیر ہے۔ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر مچھر مار اسپرے کو مانیٹر کر رہی ہے تاکہ کسی بھی علاقے میں شکایت نہ رہے۔اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ چیئرمین محمد یوسف کی قیادت میں نیو کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔
مچھر مار اسپرے مہم کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ مچھر مار اسپرے مہم کے دوران وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں گے اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں بھی تعاون کریں تاکہ مچھروں کی افزائش کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔
عوامی حلقوں نے مچھر مار اسپرے مہم کے آغاز پر چیئرمین محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے اور اُمید ظاہر کی کہ یہ مہم مو ثر اور مربوط انداز میں مکمل کی جائے گی۔