ملینیم مال میں آتشزدگی اور ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ آفاق احمد
شہری حکومت کاکام صرف فائر فائیٹرز بھیجنا نہیں،آتشزدگی سے پہلے کے اقدامات بھی اسی کی ذمہ داری ہے۔آفاق احمد
نقصانات کے ازالے کیلئے حکومت امدادی پیکج دے تاکہ متاثرہ افراد اپنے کاروبار پھر سے شروع کرسکیں۔آفاق احمد
کراچی : مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے راشد منہاس روڈ پر واقع معروف تجارتی مرکز ملینیم مال میں آتشزدگی اور اسکے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معروف کاروباری مراکز میں اکثر و بیشتر آتشزدگی کے واقعات کا ہونا ناکافی حفاظتی انتظامات کا نتیجہ ہوتا ہے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں اور شہری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
آفاق احمد نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق یہ آگ سرویلنس رومز سے شروع ہوئی، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سرویلنس روم جیسی حساس جگہ پر آگ بجھانے والے آلات اگر تھے تو آگ کو بروقت بجھایا کیوں نہ گیا اور اگر آلات موجود نہیں تھے تو عمارت کی انتظامیہ اور اسکی جانچ پڑتال کرنے والے ادارے کہاں سو رہے تھے۔
آفاق احمد نے کہا کہ ہر بار آگ لگنے کے بعد شہری حکومت فائر بریگیڈ بھیج کر خود کو بری الذمہ سمجھتی ہے حالانکہ آگ سے بچاؤ کے قبل ازوقت اقدامات کرنابھی شہری حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں وہ مکمل ناکام نظر آتی ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ ملینیم مال میں جن لوگوں کی دکانیں و دیگر کاروبار آتشزدگی کی نظر ہوئے اسکا ازالہ کرنا حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے، حکومت شہر میں آتشزدگی و دیگر ہنگامی حالات سے بچاؤ کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچاؤ ممکن ہوسکے اسکے علاوہ جن لوگوں کا نقصان ہوا انکے لئے امدادی پیکج دیا جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار پھر سے شروع کرسکیں۔
سندھ اربن گریجویٹ فورم کے وفد نے ملینیم مال کا دورہ کیا اور آتشزدگی سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ وفد میں مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شوکت اللہ فاروقی، سندھ اربن گریجویٹ فورم کے کنوینیر صادق ادریس،مرکزی رہنما نور محمد بلوچ، اعزاز احمد، نوید نارو سمیت گریجویٹ فورم کے دیگر اراکین شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صادق ادریس نے کہا کہ آتشزدگی کے مسلسل واقعات صوبائی اور شہری حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،آتشزدگی کے پے در پے واقعات سوچی سمجھی سازش لگتے ہیں جسکا تدارک حکومتی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اربن گریجویٹ فورم متاثرہ افراد کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتے ہوئے حکومت سے نقصانات کے فوری ازالے کا مطالبہ کرتا ہے۔