مرکزی رہنماؤں نے وفد کو یقین دلایا کہ مرکز پنجاب میں تنظیمی سرگرمیوں کی مکمل سرپرستی کرے گا تاکہ ملک گیر سطح پر متوسط طبقے کی سیاست کو فروغ دیا جا سکے
پنجاب سے آئے ذمہ داران نے مرکزی رہنماؤں کو صوبے میں ہونے والی حالیہ سرگرمیوں پر مفصل بریفنگ دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا پیغام صوبے کے ہر ضلع میں پہنچایا جائے گا
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ سطح کے تنظیمی وفد نے مرکزی رہنماؤں سے اہم ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب میں پارٹی بیانیے کی ترویج اور تنظیمی ڈھانچے کو نچلی سطح تک فعال کرنے کے لئے جامع حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں مرکزی رہنما ارشاد ظفیر، شبیر احمد قائم خانی، سید شکیل احمد، شریف خان اور ارشد حسن شامل تھے۔
اس موقع پر بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی کے انچارج جمیل اختر بھی موجود تھے، پنجاب کی نمائندگان میں زاہد ملک رکن بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی، عابد گجر صدر ایم کیو ایم پنجاب، محمد علی آغا ایڈیشنل سیکرٹری پنجاب، شہباز بٹ زونل صدر گوجرانوالہ موجود تھے۔
ملاقات میں پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، پنجاب سے آئے ذمہ داران نے مرکزی قیادت کو صوبے میں ہونے والی حالیہ سرگرمیوں پر مفصل بریفنگ دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا پیغام پنجاب کے ہر ضلع میں پہنچایا جائے گا تاکہ ملک کو موروثی سیاست سے نجات دلائی جا سکے۔
پنجاب کے تمام اضلاع بالخصوص گوجرانوالہ اور وسطی پنجاب میں پارٹی دفاتر کو متحرک کرنے اور نئے کارکنان کو شامل کرنے کا فیصلہ اور صوبہ بھر میں عوامی مسائل کی نشاندہی سمیت ایم کیو ایم کے منشور کو گھر گھر پہنچانے کے لئے رابطہ مہم کے اگلے مرحلے کا شیڈول طے کیا گیا۔
مزید یہ کہ پنجاب کے کارکنان کی سیاسی و فکری تربیت کے لئے ورکشاپس کے انعقاد اور مرکز کے ساتھ ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا، مرکزی رہنماؤں اور بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی نے وفد کو یقین دلایا کہ مرکز پنجاب میں تنظیمی سرگرمیوں کی مکمل سرپرستی کرے گا تاکہ ملک گیر سطح پر متوسط طبقے کی سیاست کو فروغ دیا جا سکے۔